دبئی میں عالمی باڈی بلڈرز کے مقابلےکااعلان
دنیا بھر سے صفِ اول کے باڈی بلڈرز اپنی جسمانی مہارت اور فٹنس کا مظاہرہ کرنے دبئی پہنچیں گے۔ اس ایونٹ کا مقصد دبئی کو بین الاقوامی اسپورٹس ہب کے طور پر منوانا اور نوجوان نسل کو صحت مند طرزِ زندگی کی طرف راغب کرنا ہے
دبئی : بین الاقوامی کھیلوں کے مرکز دبئی میں باڈی بلڈنگ کے عالمی مقابلے "نیو مسٹر اولمپیا این بی بی یو آئی 2026” کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ ایک پریس کانفرنس کے ذریعے اس بڑے ایونٹ کی رونمائی کی گئی، جس نے دنیا بھر کے ایتھلیٹس اور شائقینِ باڈی بلڈنگ کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
یہ عالمی ایونٹ 3 روز تک جاری رہے گا، جس میں مختلف کیٹیگریز کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ دنیا بھر سے صفِ اول کے باڈی بلڈرز اپنی جسمانی مہارت اور فٹنس کا مظاہرہ کرنے دبئی پہنچیں گے۔ اس ایونٹ کا مقصد دبئی کو بین الاقوامی اسپورٹس ہب کے طور پر منوانا اور نوجوان نسل کو صحت مند طرزِ زندگی کی طرف راغب کرنا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران جنرل سیکرٹری سردار اسلم سرکانی، چیف آرگنائزر عمران بھٹی اور فیصل امین نے گفتگو کرتے ہوئے اس ایونٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ان کا کہنا ہے کہ اس مقابلے سے خطے کے ممالک کے کھلاڑیوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم ملے گا جہاں وہ اپنی صلاحیتیں عالمی معیار کے مطابق ثابت کر سکیں گے۔ منتظمین کے مطابق ایسے عالمی مقابلوں سے نہ صرف کھیل کو فروغ ملتا ہے بلکہ سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ مستقبل میں اس ایونٹ کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی۔تقریب کے دوران کئی کھلاڑیوں نے اپنی تیاریوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا، جسے شائقین نے بے حد سراہا۔ باڈی بلڈرز کا ماننا ہے کہ دبئی میں اس سطح کے مقابلوں کا انعقاد ان کے کیریئر کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔