اردو سٹیلائٹ چانل ’یارا‘ کا 26 جنوری سے آغاز
ہندوستانی مسلمانوں کے دیرینہ حل طلب مسائل وہندوستانی تہذیب کوپیش کرنے کیلئے100کروڑ روپے کی لاگت سے اردو سٹیلائٹ چیانل کا آغازکیاجائے گا۔
حیدرآباد: ہندوستانی مسلمانوں کے دیرینہ حل طلب مسائل وہندوستانی تہذیب کوپیش کرنے کیلئے100کروڑ روپے کی لاگت سے اردو سٹیلائٹ چیانل کا آغازکیاجائے گا۔ جس کا افتتاح26جنوری2024 کوہوگا۔ ہندوستان پر مسلم حکمرانوں اورہندوراجاؤں نے اس ملک پر حکمرانی کی۔
اس تہذیب کو اس چیانل کے ذریعہ پیش کیاجائے گا۔ ہندوستان کے موجودہ بدترین حالات ملک کی تقسیم سے پہلے بھی نہیں تھے۔ مساجد جلائے جارہے ہیں۔ مسلمانوں کا قتل عام کیاجارہا ہے۔ ہندوتنظیمیں کھلے عام مسلمانوں کے قتل کا اعلان کررہی ہیں۔ منی پورمیں قتل عام کرکے لاشوں کوجلایاجارہاہے۔
ہندوستان جیسے سیکولر ملک میں سب کچھ ہورہاہے۔ان حالات میں دانشوروں نے فیصلہ کیاکہ ایک ایسا اردو سٹیلائٹ چیانل شروع کیاجائے جوتمام طبقات کیلئے قابل قبول ہو۔ اس چیانل کے ذریعہ ملک میں بھائی چارگی اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی وگنگاجمنی تہذیب کوبڑھاواملے۔
کچھ ہندوفرقہ پرست تنظیمیں مسلمانوں کے4 فیصد تحفظات کوختم کرنے کی بات کررہے ہیں۔ ان مجموعی خیالات کااظہارجناب آصف پاشاہ سابق وزیر و سرپرست اعلیٰ اردو سٹیلائٹ چیانل”یارا“ کی تعارفی تقریب سے کیا، جس کااہتمام اردو سٹیلائٹ چیانل ”یارا“ کی چیرمین شریمتی جے شیلجہ کی جانب سے اتوار6۔ اگست کومدینہ آڈیٹوریم سرسید ہال نامپلی میں منعقد کیا گیا تھا۔
جناب طارق انصاری صدرنشین ریاستی اقلیتی کمیشن، حکومت تلنگانہ نے کہاکہ ان کی جانب سے اس چیانل کوبھرپورتعاون رہے گا۔ شریمتی جے شیلجہ بی بی سی میڈیاگروپ و مالک نے کہاکہ اس ملک میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط بنانے کے مقصد سے چیانل کا آغاز کیا جارہا ہے۔
تعارفی تقریب کو وی ہنمنت راؤ سابق وزیر، جناب اے ہدیٰ سابق ڈی جی پی،اے پی، ڈاکٹر سید اسلام الدین مجاہد، ڈاکٹریوسف ملا، جناب ایم اے کریم مشیران چیانل، جناب منیرالدین مجاہد، ممتاز شاعر وادیب جناب صلاح الدین نیر،جناب محمد خلیق الرحمن بی آر ایس قائد، جناب سلیم باشاہ(کرنول)، جناب ایس ایم فاروق ایڈوکیٹ، ڈاکٹر یوسف اعظم، جناب شمشاد قادری، ڈاکٹر ناگاراجو ایڈوکیٹ ہائیکورٹ،ڈاکٹر ریاض، جناب انعام الرحمن، جناب ایس اے غوث الاعظم صدرنشین آندھرا پردیش حج کمیٹی، ڈاکٹر کرشنا پرساد، ڈاکٹر انورخاں سابق پرنسپل انوارالعلوم ڈی کالج نے بھی مخاطب کیا۔ جناب شفیع احمد جرنلسٹ نے کاروائی چلائی اورآخرمیں شکریہ اداکیا۔