بہار کے مہاجر مزدروں پر حملے، چیف منسٹر اسٹالن کی تردید
چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے آج کہا کہ ریاست میں مہاجر مزدور محفوظ ہیں، گھبرانے کی ضرورت نہیں۔
چینائی: چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے آج کہا کہ ریاست میں مہاجر مزدور محفوظ ہیں، گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ انھوں نے کہا کہ مہاجر مزدوروں پر حملوں کے بارے میں سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ایک بیان میں انھوں نے افواہیں پھیلانے والوں کو ”قوم دشمن“ قرار دیا۔ اسٹالن نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بعض لوگ گندی سیاست کررہے ہیں، جو انتہائی قابل مذمت ہے اور مزید کہا کہ دانستہ طور پر افواہیں پھیلا کر خوف اور سراسیمگی پیدا کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ٹاملناڈو میں بہار کے مہاجر مزدوروں پر حملوں کی خبریں سوشل میڈیا پر پھیلانے کے پیام موصول ہونے پر چیف منسٹر نے یہ بیان جاری کیا۔
ٹاملناڈو میں بہار کے ورکروں پر حملوں کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم کی خبروں پر چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے ان خبروں کی توثیق کرنے عہدیداروں کی ایک ٹیم وہاں روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بہار بی جے پی نے چیف منسٹر اسٹالن کی 70ویں سالگرہ تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو کی شرکت پر سخت تنقید کی ہے، جب کہ بہار کے مہاجر مزدوروں پر ٹاملناڈو میں حملے کیے جارہے ہیں۔