حیدرآباد

تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کی عدم تکمیل پر وزیر اعظم معافی مانگیں: کے ٹی آر

تلنگانہ کے وزیرصحت و آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے جمعہ کے روز مطالبہ کیا کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید ایکٹ کے تحت ریاست کے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام رہنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو ریاست کے عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیرصحت و آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے جمعہ کے روز مطالبہ کیا کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید ایکٹ کے تحت ریاست کے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام رہنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو ریاست کے عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو چاہئے کہ وہ اپنے ہونے والے دورہ ورنگل کے موقع پر یہ وضاحت کریں کہ وہ اپنے وعدوں کی تکمیل میں ناکام کیوں رہے؟۔کے ٹی آر نے کہا کہ مودی کو تلنگانہ کے عوام کو یہ بتانا چاہئے کہ انہوں نے قاضی پیٹ میں ریل کوچ فیاکٹری کے قیام کا وعدہ پورا کیوں نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ریل کوچس کی تیاری کی فیاکٹری لگانے کے بجائے ریل کوچس کی مرمت کا مرکز تعمیر کیا جارہا ہے۔کے ٹی راما راؤ محبوب آباد میں پوڈو اراضیات کی تقسیم کا آغاز کرنے کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔

وزیر اعظم نریندر مودی 12جولائی کو تلنگانہ کا دورہ کرنے والے ہیں تاکہ قاضی پیٹ میں ریلوے کوچس کی اوور ہالنگ کے مرکز کا سنگ بنیاد رکھ سکیں۔تلنگانہ کے وزیر نے ریاست کے ساتھ امتیاز برتنے پر مودی کو نشانہ تنقید بنایا۔

انہوں نے کہا کہ مودی نے تلنگانہ کو ریل کوچ فیاکٹری دینے سے انکار کیا تاہم گجرات میں 21ہزار کروڑ روپے کے مصارف سے ریل کوچ فیاکٹری قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے لئے ایک قانون اور گجرات کیلئے دوسراقانون صحیح نہیں ہے۔وزیر اعظم صرف گجرات کے نہیں بلکہ سارے ملک کے وزیر اعظم ہیں۔

کے ٹی آر نے کہا کہ وزیر اعظم کو عوام کو یہ بھی بتانا چاہئے کہ وہ تلنگانہ میں ٹرائبل یونیورسٹی قائم کرنے میں کیوں ناکام رہے ہیں جس کا وعدہ اے پی تنظیم جدید ایکٹ میں کیا گیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاستی حکومت نے ملگ میں یونیورسٹی کیلئے 360ایکر اراضی مختص کی ہے تاہم مرکز نے یونیورسٹی قائم کرنے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی جاننا چاہا کہ بیارم میں اسٹیل فیاکٹری قائم کرنے مرکز کے وعدے کا کیا ہوا۔ کے ٹی آر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کے جھوٹے وعدوں پر بھروسہ نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ جس پارٹی نے عوام کو 50سال تک دھوکہ دیا وہ اقتدار کیلئے ایک بار پھر انہیں گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایک بار پھر بی آ رایس کو ووٹ دیں تاکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ غریبوں کیلئے فلاحی اقدامات جاری رکھ سکیں۔

a3w
a3w