حیدرآباد

تلگو اداکار کرشنم راجو کی پیر کے روز سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات

ٹالی ووڈ کے معمر اداکاروسابق مرکزی وزیر یووی کرشنم راجو کی آخری رسومات پیر کے روز مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ انجام دی جائیں گی۔

حیدرآباد: ٹالی ووڈ کے معمر اداکاروسابق مرکزی وزیر یووی کرشنم راجو کی آخری رسومات پیر کے روز مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ انجام دی جائیں گی۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو کرشنم راجو کی آخری رسومات کو سرکاری اعزاز کے ساتھ انجام دینے کے انتظامات کی ہدایت دی ہے۔

چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں چیف سکریٹری سومیش کمار کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ راجو، جو ریبل اسٹار کے طور پر مشہور تھے، اتوار کی صبح یہاں اے آئی جی ہاسپٹل میں چل بسے وہ 83 سال کے تھے۔

کرشنم راجو کی آخری رسومات12 ستمبر کو دوپہر کے بعد شہر کے جوبلی ہلز علاقہ میں واقع مہا پرستھانم میں ادا کی جائے گی۔ راجو کی نعش کو ان کے مکان منتقل کیا گیا جہاں پیر تک ان کے مداح، ان کا آخری دیدار کرسکیں گے۔

دریں اثنا مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور فلمی شخصیات نے راجو کے مکان پہنچ کر انہیں خراج پیش کیا۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی، تلگو اسٹار چرنجیوی، معمر ادا کار مرلی موہن، موہن بابو، مہیش بابو، ڈائرکٹرس تری وکرم، رگھویندر راؤ اور دیگر نے کرشنم راجو کو بھر پور خراج پیش کیا اور غم زدہ افراد خاندان بشمول راجو کے بھانجہ پر بھاس سے اظہار تعزیت کیا۔