جموں و کشمیر

جنہیں جانا ہو جائیں، مجھے کوئی پرواہ نہیں: غلام نبی آزاد

ڈیموکریٹک آزاد پارٹی(ڈی اے پی) کے سربراہ غلام نبی آزاد نے ہفتہ کے دن کہا کہ وہ جب تک رائے دہندے ان کے ساتھ ہیں ان کی پارٹی سے قائدین کے جانے سے پریشان نہیں ہیں۔

سری نگر: ڈیموکریٹک آزاد پارٹی(ڈی اے پی) کے سربراہ غلام نبی آزاد نے ہفتہ کے دن کہا کہ وہ جب تک رائے دہندے ان کے ساتھ ہیں ان کی پارٹی سے قائدین کے جانے سے پریشان نہیں ہیں۔

متعلقہ خبریں
تلنگانہ ہائی کورٹ میں تحقیقاتی کمیشن کو غیر قانونی قرار دینے کی درخواست مسترد
پاکستان اصل مسئلہ نہیں: غلام نبی آزاد
غزہ پٹی کے لوگوں کے لئے دعائیں کی جائیں: غلام نبی آزاد
ایک ملک ایک الیکشن، سبھی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی: غلام نبی آزاد
اپوزیشن کا ہنگامہ غیرضروری: غلام نبی آزاد

انہوں نے یہ ریمارکس ان کے کئی ساتھیوں کے ڈی اے پی چھوڑکر کانگریس میں چلے جانے کے بعد کئے۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ وہ لوگوں کے مصائب دیکھ کر جموں وکشمیر آئے ہیں۔ وہ قائدین پر انحصار نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پرواہ نہیں کہ آیا 10 یا 12 قائدین دہلی چلے گئے ہوں۔

ووٹرس جب تک میرے ساتھ ہیں مجھے قائدین کی پرواہ نہیں۔ آپ لوگ یعنی رائے دہندے لیڈرس بناتے ہیں۔ میں ٹکٹ دیتا ہوں‘ آپ انہیں جتاتے ہیں۔ اب جو لوگ ٹکٹ دیا کرتے ہیں اور جو امیدواروں کو جتاتے ہیں وہ اکٹھا ہوگئے ہیں۔ اب دیکھتے ہیں کتنے امیدوار جیتتے ہیں۔ غلام نبی آزاد سری نگر میں پارٹی کی ایک تقریب سے مخاطب تھے۔

جمعہ کے دن 17 ڈی اے پی قائدین بشمول سابق ڈپٹی چیف منسٹر جموں و کشمیر تاراچند اور سابق صدر پردیش کانگریس پیرزادہ محمد سعید دہلی میں کانگریس میں دوبارہ شامل ہوگئے۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ ان کی پارٹی چھوڑکر جانے والے قائدین کو انشاء اللہ ان کے حلقوں میں بدتر صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں قائدین پر بھروسہ کرکے جموں وکشمیر نہیں آیا ہوں بلکہ میں عوام کے لئے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کے مصائب‘ آپ کی غربت اور بے روزگاری دیکھ کر یہاں آیا ہوں۔ ہمارے لوگ خوف کے ماحول میں جی رہے ہیں۔ کب کون گرفتار ہوجائے گا کسی کو پتہ نہیں۔

کب کسی کی زمین‘ عمارت یا مکان چھین لیا جائے گا‘ کوئی گارنٹی نہیں۔ کوئی بھی قائد یا سیاسی جماعت اس کے خلاف آواز نہیں اٹھاتی۔ میں نے یہاں آنے کے لئے سب کچھ چھوڑدیا۔ سابق چیف منسٹر جموں وکشمیر نے کہا کہ ملک یا جموں وکشمیر کا کوئی کونا نہیں بچا جہاں وہ نہ گئے ہوں اور جہاں انہوں نے لوگوں کی مدد نہ کی ہو۔