خلیجی ممالک میں 2ہزار کے نوٹ تبدیل کرانا دردِ سر
حکومت ِ ہند نے جب سے 2 ہزار روپے کے نوٹوں کو ہٹالینے کا فیصلہ کیا‘ خلیجی ممالک میں کئی ہندوستانیوں کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خلیج کے خطہ میں بینکنگ ادارے ہندوستان کی پالیسی میں تبدیلی سے لاعلمی کا اظہار کررہے ہیں۔
دُبئی: حکومت ِ ہند نے جب سے 2 ہزار روپے کے نوٹوں کو ہٹالینے کا فیصلہ کیا‘ خلیجی ممالک میں کئی ہندوستانیوں کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خلیج کے خطہ میں بینکنگ ادارے ہندوستان کی پالیسی میں تبدیلی سے لاعلمی کا اظہار کررہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہندوستانیوں کو 2 ہزار روپے کے نوٹ تبدیل کرانے میں بڑی مشکل پیش آرہی ہے۔
فیروزہ شیخ (نام تبدیل) ایک ماہ کی چھٹیاں منانے اپنے 2 بچوں کے ساتھ گزشتہ ہفتہ اپنے شوہر کے پاس دُبئی پہنچیں۔ چند دن بعد انہیں 2 ہزار روپے کے نوٹ ہٹالینے کا اعلان سننے میں آیا۔ وہ 2 ہزار روپے کے 8 نوٹ مقامی کرنسی میں تبدیل کرانے ایکسچینج سنٹر گئیں جہاں ایکسچینج سنٹر والوں نے 2 ہزار روپے کے نوٹ لینے سے انکار کردیا۔
انٹرنیٹ پر کئی لوگ خلیج کے خطہ میں فارن ایکسچینج بیوروز میں 2 ہزار روپے کے نوٹ لینے سے انکار کی خبریں شیئر کررہے ہیں۔
ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ سعودی عرب کے زرمبادلہ مراکز میں 2 ہزار کے نوٹ ناقابل قبول ہیں۔ عازمین حج سے گزارش ہے کہ وہ ہندوستان سے 500 روپے کے نوٹ لے آئیں۔
این آر آئی تاجر چندرشیکھر بھاٹیہ (گلوبل فیڈریشن) نے کہا کہ ان کے جاننے والوں میں کئی لوگ 2 ہزار کے نوٹوں کی وجہ سے پریشان ہیں۔