کرناٹک

سونیا گاندھی بھارت جوڑو یاترا میں شامل

گاندھی کی شرکت پر کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ انہیں اس یاترا میں اپنی سپریم لیڈر کے ساتھ ہونے پر فخر ہے۔ ان کی پارٹی ریاست میں اقتدار میں واپس آ رہی ہے۔

میسور: آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی صدر سونیا گاندھی نے جمعرات کو کرناٹک کے منڈیا میں راہول گاندھی کی قیادت والی ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں شرکت کی۔ کانگریس صدر پیر کی دوپہر کرناٹک کے تاریخی میسور شہر پہنچی تھیں۔ دو دن کے وقفے کے بعد یاترا دوبارہ شروع ہوئی ہے۔

گاندھی کی شرکت پر کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ انہیں اس یاترا میں اپنی سپریم لیڈر کے ساتھ ہونے پر فخر ہے۔ ان کی پارٹی ریاست میں اقتدار میں واپس آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا “وجئے دشمی، کرناٹک میں ہماری فتح ہوگی۔ ہمیں فخر ہے کہ سونیا گاندھی کرناٹک آئی ہیں۔ ہم ریاست میں اقتدار میں واپس آ رہے ہیں اور بی جے پی کی دکان بند ہونے والی ہے۔ سونیا گاندھی نے چہارشنبہ کو میسور کے قریب بھیمنا کولی مندر کا دورہ کیا اور وجے دشمی کے موقع پر پوجا کی۔

کانگریس کی جن جوڑو یاترا 7 ستمبر کو تمل ناڈو کے کنیا کماری سے شروع ہوئی ہے اور 511 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے 21 دن کے بعد کرناٹک سے گزرے گی۔ یہ یاترا 30 ستمبر کو تمل ناڈو کے گڈالور سے کرناٹک کے گنڈلوپیٹ میں داخل ہوئی تھی۔ یہ کیرالہ سے بھی گزری۔ یاترا میں شامل افراد روزانہ 25 کلومیٹر پیدل چل رہے ہیں اور 21 دن کے بعد وہ تلنگانہ میں داخل ہوں گے۔

یاترا کا مقصد مرکز اور ریاستوں میں برسراقتدار بی جے پی حکومتوں کی تقسیم کی سیاست کے خلاف لڑنا اور عوام کو معاشی عدم مساوات، سماجی پولرائزیشن اور سیاسی مرکزیت کے خطرات کے بارے میں بیدار کرنا ہے۔