دریائے گوداوری اور کرشنا میں طغیانی، کئی مواضعات میں پانی داخل
اوپری آب گیر علاقوں میں زبردست بارش کے نتیجہ میں پانی کا بھاری بہاؤ داخل ہونے سے ریاست کی دو بڑی دریاؤں گوداوری اور کرشنا میں زبردست طغیانی آئی ہے اور آندھرا پردیش کے دھولیشورم کے مقام پر واقع سرآرتھر کاٹن بیارج پر انتباہ کا دوسرا سگنل جاری کیا گیا ہے۔
وجئے واڑہ: اوپری آب گیر علاقوں میں زبردست بارش کے نتیجہ میں پانی کا بھاری بہاؤ داخل ہونے سے ریاست کی دو بڑی دریاؤں گوداوری اور کرشنا میں زبردست طغیانی آئی ہے اور آندھرا پردیش کے دھولیشورم کے مقام پر واقع سرآرتھر کاٹن بیارج پر انتباہ کا دوسرا سگنل جاری کیا گیا ہے۔
دریا گوداوری میں سیلاب کی صورتحال تشویشناک بن گئی کیونکہ اس دریا کی سطح آب میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ دھولیشورم بیارج میں پانی کی سطح 15 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ بیارج کے تمام دروازے کھولتے ہوئے14.70 لاکھ کیوزک پانی کو سمندر میں چھوڑا جارہا ہے۔
کونا سیما ضلع کے عینا ولی، ایدوروبیڈا‘ اور پی گناورم میں کئی مواضعات، گوداوری کے سیلاب میں گھر چکے ہیں، سیلاب میں کئی کازویز زیر آب آگئے جس کی وجہ سے کے اینو گوپلی لنکا، شیوا لانا، پکا یا کالالنکا اور منے پالی پالم کے بشمول کئی مقامات پر زمینی رابطہ ٹوٹ گیا ہے۔
ان مواضعات سے باہر نکلنے کیلئے دیہاتی دیسی ساختہ کشتیوں کو استعمال کررہے ہیں۔ ضلع الوری سیتا راما راجو کے چنتور موضع کے عوام نے، گھٹنے برابر پانی میں کھڑے ہو کر عہدیداروں کے رویہ کے خلاف احتجاج کیا اور الزام عائد کیا کہ اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں عہدیدار لا پرواہی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
ضلع مغربی گوداوری کے اچنتا اور ایلا منچلی کے منڈل، سیلاب کے پانی سے محصور ہیں۔ متاثرہ منڈلوں میں بچاؤ اور راحت کاری کیلئے این ڈی آر ایف اورایس ڈی آر ایف ٹیموں کو متعین کیا گیا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ گذشتہ ماہ، گوداوری میں آئے سیلاب نے 10دنوں تک زبردست تباہی مچائی تھی۔
اوپری علاقوں میں زبردست بارش کی وجہ سے دریا کرشنا میں بھی زبردست سیلاب آیا ہوا ہے۔ اے پی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے منیجنگ ڈائرکٹر بی آر امبیڈکر نے بتایا کہ ضلع کرنول میں دریا کرشنا پر واقع سری سیلم پراجیکٹ سے 3.77 لاکھ فاضل پانی کو نچلے علاقہ میں چھوڑا جارہا ہے۔
ناگر جنا ساگر کے 10دروازوں کو 15 فٹ تک اوپر اٹھا یا گیا ہے۔ سری سیلم پراجکٹ میں پانی کا بہاؤ 5لاکھ کیوزک بتایا گیا ہے۔ یہاں پرکاشم بیارج کے70 دروازوں کو اوپر اٹھاتے ہوئے4.10 لاکھ کیوزک فاضل پانی خارج کیا جارہا ہے، عہدیداروں نے بتایا کہ کسی بھی علاقہ میں سیلاب سے مربوط کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
کرشنا، ایلورو، مغربی گوداوری، کونا سیما اور الوری سیتا راما راجو اضلاع میں عہدیداروں کو چوکس رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ رات تک دریائے کوداوری اور کرشنا کی سطح میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔