معمر شہریوں کوبس کرایوں میں 25 فیصد رعایت،اے پی ایس آر ٹی سی کا اعلان
آر ٹی سی بس کے ڈرائیوروں اور کنڈاکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ ٹکٹ خریدتے وقت اور دوران سفر سینئر سٹیزنس سے عمر کی ثبوت کیلئے آدھار کارڈ، سینئر سٹیزن کارڈ، پان کارڈ، ووٹر آئی ڈی کارڈ، پاسپورٹ یا راشن کارڈ قبول کریں۔
امراوتی: آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (اے پی ایس آر ٹی سی) نے ر یاست سے قطع نظر (کسی بھی ریاست کے ہوں) تمام معمر شہریوں (سینئرسٹیزن) کو ب س کرایوں میں 25 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔60 سال عمر کے تمام معمر افراد ریاستی آر ٹی سی کی تمام بسوں میں 25 فیصد کرایہ کی رعایت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔
آر ٹی سی بس کے ڈرائیوروں اور کنڈاکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ ٹکٹ خریدتے وقت اور دوران سفر سینئر سٹیزنس سے عمر کی ثبوت کیلئے آدھار کارڈ، سینئر سٹیزن کارڈ، پان کارڈ، ووٹر آئی ڈی کارڈ، پاسپورٹ یا راشن کارڈ قبول کریں۔
بس کرایوں میں رعایت کیلئے مسافرین سے کہا گیا ہے کہ ان متذکرہ بالا دستاویزات فزیکل شکل یا ڈیجیٹل شکل میں متعلقہ عہدیداروں کو ضرور دکھائیں۔ معمر شہری، جو 60 سال عمر مکمل کرچکے ہیں۔ عمر کے ثبوت کیلئے کوئی کارڈ ڈیجیٹل شکل یا فزیکل شکل میں دکھا کر بس کرایوں میں 25 فیصد رعایت حاصل کرسکتے ہیں۔یہ کارڈز، ریاستی یا مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہونا چاہئے۔
کسی بھی ریاست کے معمر شہری، اے پی ایس آر ٹی سی بسوں میں سفر کے دوران ٹکٹ میں 25 فیصد کی رعایت حاصل کرسکتے ہیں۔ تمام فیلڈ آفیسرس اور سوپر وائزرس کو ہدایت دی جاچکی ہے کہ وہ کرایوں میں رعایت کے احکام کو نافذ کریں۔
قبل ازیں صرف اے پی کے معمر شہریوں کو ہی آر ٹی سی بس کرایوں میں 25 فیصد رعایت کی سہولت حاصل تھی تاہم2020 میں کووڈ کی وبا پھیلنے سے روکنے کے حصہ کے طور پر اس سہولت کو موخر کردیا گیا تھا۔
اے پی ایس آر ٹی سی، بسوں میں خواتین کو سفر کی مفت سہولت فراہم کرنے کا امکان ہے جس کا وعدہ ٹی ڈی پی نے انتخابی مہم کے دوران کیا تھا۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ ایم پرساد ریڈی نے کہا کہ حکومت، بہت جلد بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کی اسکیم کو نافذ کرے گی۔