حیدرآباد

دستاویزی کاموں میں مدد و شعور بیداری وقت کا تقاضہ

ہومین ویلفیئر فاونڈیشن تلنگانہ کی جانب سے ریاست کے مختلف مقامات پر ناگرک وکاس کیندر قائم کئے جارہے ہیں جس کا مقصد عوام کو حکومتی اسکیمات سے واقف کروانا اور دستاویزی کاموں میں ان کی رہنمائی کرنا اور ان میں شعور بیدار کرنا ہے۔

حیدرآباد: ہومین ویلفیئر فاونڈیشن تلنگانہ کی جانب سے ریاست کے مختلف مقامات پر ناگرک وکاس کیندر قائم کئے جارہے ہیں جس کا مقصد عوام کو حکومتی اسکیمات سے واقف کروانا اور دستاویزی کاموں میں ان کی رہنمائی کرنا اور ان میں شعور بیدار کرنا ہے۔

اسی طرح موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس تلنگانہ، ریاست میں سماجی جدوجہد میں مصروف ہے اور ریاست کے کئی اضلاع میں اس کے دفاتر قائم ہیں۔ اتوار24ڈسمبرکو سری نگر کالونی مادناپیٹ نزد مسقطی گراونڈ(یاقوت پورہ) پر سابق ڈی جی پی متحدہ آندھراپردیش و آئی پی ایس ایس۔

انوار الہدیٰ،کے ہاتھوں ناگرک وکاس کیندر اور موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس یاقوت پورہ یونٹ کے مقامی دفاتر کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوام کو حکومتی اسکیمات سے عدم واقفیت اور قوانین سے لاعلمی کی وجہہ سے کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سنٹرس ہر گلی میں ہونے چاہیے۔انہوں نے ایم پی جے کے کاموں کی بھی ستائش کی۔وسائل اور شعور رکھنے والے افراد سے انہوں نے اپیل کی کہ وہ ان کاموں میں تعاون پیش کرنے کے لئے آگے آئیں۔ احمد عبد النعیم،کارگذار صدر ایم پی جے تلنگانہ نے اپنے خطاب میں کہا آج بڑی تعداد میں ایسے افراد ہیں جن کے پاس بنیادی دستاویزات جیسے شناختی کارڈ، راشن کارڈ، آدھار کار ڈ وغیرہ یا ہے ہی نہیں یا اکثر ا ن میں غلطیاں پائی جاتی ہیں۔

جس کا درست ہونا ضروری ہے ورنہ ایسے لوگ فلاحی اسکیمات سے محروم ہوجاتے ہیں۔ محمد اکرم، ڈائرکٹر ہیومن ویلفیئر فاونڈیشن تلنگانہ نے اس موقع پر ناگرک وکاس کیندرکے کاموں کی تفصیلات پیش کیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ ریاست میں این وی کا نواں دفتر ہے جبکہ شہر میں اس طرح کہ مزید دو مراکز پہلے سے کام کر رہے ہیں ان سنٹرس کے ذریعہ اب تک 13ا ہزار خاندانوں کو فلاحی اسکیمات کے ذریعہ ڈھائی کروڑ سے زائد کی امداد پہنچائی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ یاقوت پورہ میں قائم کئے جارہے اس سنٹر کے ذریعہ اطراف واکناف میں رہنے والے افراد کی بلالحاظ مذہب وملت ہر قسم کی رہنمائی کی جائے گی۔ سلیم الہندی (سکریٹری،ایم پی جے تلنگانہ) نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایم پی جے طویل عرصہ سے ریاست میں سماجی خدمات انجام دے رہی ہے،ایم پی جے کا مقصد حقوق انسانی کا تحفظ اور پاسداری،جمہوری اقدار کا فروغ و استحکام،غربت اور جہالت کا خاتمہ،اور حکومت اور انتظامیہ کو اسکی ذمہ داریوں کی جانب توجہہ دہانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مقامی دفتر کے قیام کے ذریعہ مقامی افراد کو مفت قانونی مشاورت،فیملی کاونسلنگ جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔امیر مقامی جماعت اسلامی ہند،یاقوت پورہ نے کہا کہ ان سنٹرس کا آغاز یہاں کی عوام کے لئے نعمت ثابت ہوگا۔ایم آئی ایم کے مقامی کارپوریٹر محمدمظفر حسین نے بھی اس افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور ممکنہ تعاون کا تیقن دیا۔

فیاض احمد خان(مقامی صدر ایم پی جے یاقوت پورہ)نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ حسین بن احمد(مقامی سکریٹری ایم پی جے یاقوت پورہ)نے پروگرام کی نظامت کی۔اس موقع پر احمد حمید الدین شکیل(ایم پی جے تلنگانہ)، محمد حسام الدین متین(رکن شوری جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ)،ایڈوکیٹ محمد خالد عبد الرحمن کے علاوہ ایم پی جے یاقوت پورہ ایکزیکٹیوباڈی کے اراکین محمد کلیم الدین، سید مقصود ہاشمی، شاہنواز احمد، محمد سجادعلی، سید عثمان علی، انور خان، عبد الرحمان اکرم، محمد معز، توصیف اللہ محمدی بیگم، گوہر فاطمہ،شاہین سلطانہ کے علاوہ مقامی افرادموجود تھے۔