حیدرآباد

جشن آزادی کی پلاٹینیم جوبلی تقاریب شاندار طریقہ سے منعقد کرنے کے سی آر کی ہدایت

چیف منسٹر نے کہاکہ مفت ترنگاپرچم فراہم کیا جائے گا۔آج پرگتی بھون میں ”آزادی کی پلاٹینیم جوبلی تقاریب“کے انعقادکا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 8تا22 اگست 15 روزہ تقاریب منعقد کی جائیں گی۔

حیدرآباد: چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤ ملک کی آزادی کے75سالوں کی تکمیل(پلاٹینیم جوبلی تقار یب) کا عظیم الشان پیمانے پر انعقادعمل میں لانے عہدیداروں کوہدایت دی۔ انہوں نے اسکولی طلباء‘سرکاری ملازمین‘ عہدیداروں‘ عوامی نمائندوں‘تمام نوجوانوں اور سارے تلنگانہ سماج کوان تقاریب میں جوش وخروش کے ساتھ حصہ لینے کی اپیل کی۔

چیف منسٹر نے کہاکہ مفت ترنگاپرچم فراہم کیا جائے گا۔آج پرگتی بھون میں ”آزادی کی پلاٹینیم جوبلی تقاریب“کے انعقادکا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 8تا22 اگست 15 روزہ تقاریب منعقد کی جائیں گی۔

15 اگست کوملک کی یوم آزادی کے موقع پر ہر مکان پر پروقارانداز میں قومی پرچم لہرایا جائے گا۔ اس مقصدکے لئے 9اگست سے بلدیہ اور گرام پنچایتوں کے توسط سے عوام میں قومی پرچم کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔8 تاریخ کو حیدرآبادانٹرنیشنل کنونشن سنٹر میں یوم آزادی تقاریب کاآغازکیاجائے گا۔

اس افتتاحی تقریب میں ریاستی وزراء‘اراکین پارلیمنٹ‘ اراکین اسمبلی وکونسل‘ضلع پریشدصدرنشین‘ میئرس‘صدرنشین بلدیہ‘ایم پی پیز‘اضلاع میں آئی اے ایس‘آئی پی ایس‘آئی ایف ایس‘ عہدیدارشرکت کریں گے۔چیف منسٹرنے کہا کہ بس اسٹانڈس‘ریلوے اسٹیشن‘ ائیرپورٹ‘ اسٹارہوٹلس‘دواخانوں‘شاپنگ مالس اور ہر اہم مقام پر قومی پرچم لہرایا جائے گا۔

ان مقامات کوسجایاجائے گا۔سرکاری وخانگی اسکولس‘انٹر‘ڈگری طلباء کیلئے تحریری وتقریری مقابلہ اورحب ابوطنی پرمبنی گیتوں کامقابلہ اور حب الوطنی پرمبنی گیتوں کا مقابلہ منعقد کیا جائے گا۔اساتذہ اورلکچررس کو حب الوطنی کے موضوع پر کوی سمیلن منعقدکرنے کی ذمہ داری تفویض کی جائے گی۔ان 15دنوں کے دوران اسکولس میں پرئیرس کے وقت حب الوطنی پرمبنی گیت سنائے جائیں گے۔

 گاندھی فلم کوتمام تھیڑس میں طلبہ کے لئے فلم کی نمائش کی جائے گی۔ ریاست کے تمام ٹاؤنس اور دیہاتوں میں فریڈم کپ کے نام پرکھیل کود کے مقابلہ منعقد کئے جائیں گے۔فاتحین کو انعام دیاجائے گا۔ہرضلع میں کوی سمیلن اور مشاعرہ منعقد کیا جائے گا۔

ریاست بھر میں ہر اسمبلی حلقہ میں خون کے عطیہ کے کیمپ منعقد کیاجائے گا۔دواخانوں‘یتیم خانوں‘جیلوں میں پھلوں کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔ اسمبلی کاخصوصی اجلاس منعقد کیاجائے گا۔ تمام مجالس مقامی اداروں کاخصوصی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

مجاہدین آزادی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیاجائے گا اور 22 اگست کولال بہادرشاستری اسٹیڈیم میں پلاٹینیم جوبلی یوم آزادی تقاریب کااختتام عمل میں آئے گا۔آج کے منعقدہ اجلاس میں کے کیشو راؤ‘ٹی ہریش راؤ‘ٹی سرینواس یادو‘ پی سبیتا اندرا ریڈی‘ای دیاکرراؤ‘ایم رنجن ریڈی‘ ڈی سدھیرریڈی ‘آربالکشن‘سی لکشما ریڈی‘ وجئے لکشمی گدوال‘راجیوشرما‘چیف سکریٹری سومیش کمار ودیگرنے شرکت کی۔