حیدرآباد

دونوں شہروں میں شب برأت کا خشوع وخضوع کے ساتھ اہتمام

دونوں شہر حیدرآباد وسکندرآباد میں شب برأت کا خشوع وخضوع کے ساتھ اہتمام کیا گیا۔ مغرب کے ساتھ ہی مسلمانوں نے متعلقہ قبرستان پہنچ کر اپنے آباء واجداد رشتہ داروں اور مرحومین کی قبروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی اور ا ن کی مغرفت کیلئے دعائیں کیں۔

حیدرآباد: دونوں شہر حیدرآباد وسکندرآباد میں شب برأت کا خشوع وخضوع کے ساتھ اہتمام کیا گیا۔ مغرب کے ساتھ ہی مسلمانوں نے متعلقہ قبرستان پہنچ کر اپنے آباء واجداد رشتہ داروں اور مرحومین کی قبروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی اور ا ن کی مغرفت کیلئے دعائیں کیں۔

شب برأت کا بڑا اجتماع تاریخی مکہ مسجد میں دیکھا گیا جہاں حافظ وقاری محمد عبدالعلی صدیقی نے 9بجے نماز عشاء کی امامت کی اور تمام مرحومین کی مغفرت کیلئے دعاء کی۔ مکہ مسجد کا ا ندرونی اور بیرونی حصہ فرزندان توحید سے بھرچکا تھا۔

بعد ازاں مولانا حافظ وقاری محمد عبدالعلی صدیقی ا مام مکہ مسجد اور مولانا حافظ وہاج احمد کامل نے فضائل شب برأت بیان کئے۔ مسلمان رات بھر خصوصی عبادتوں اور تلاوت واذکار میں مصروف دیکھے گئے۔ تاریخی مکہ مسجد کو برقی قمقموں سے منورکیا گیا تھا۔

ہر طرف روح پرور منظر دکھائی دے رہا تھا، شب برأت کا دوسرا بڑا اجتماع شاہی مسجد باغ عامہ میں دیکھا گیا۔ نماز عشاء میں مصلیوں کی کثیر تعدادسے مسجد کا اندرونی وبیرونی حصہ بھرچکا تھا۔ خواتین کی کثیر تعداد نے بھی نماز عشاء ادا کی۔ مولانا حافظ احسن بن محمد الحمومی خطیب شاہی نے امامت کی۔ مرحومین کی مغفرت اور عامتہ ا لمسلمین کی بخشش کیلئے دعا کی۔

بعد ازاں مولانا حافظ محسن بن محمد الحمومی اور مولانا احسن بن محمد الحمومی نے فضائل شب برأت بیان کئے۔ جامع مسجد چوک میں بھی شب برأت کا بڑاا جتماع دیکھا گیا۔نماز عشاء کے بعد جلسہ شب برأت کا انعقاد عمل میں آیا۔ امیر ملت اسلامیہ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے فضائل شب برأت بیان کئے۔

جامع مسجدافضل گنج، جامع مسجد ملے پلی، جامع مسجد خیریت آباد، جامع مسجد مشیر آباد، جامع مسجد وزیر علی فتح دروازہ، جامع مسجد صحیفہ اعظم پورہ، جامع مسجد بارکس، جامع مسجد بوئن پلی، جامع مسجد سکندرآباد، جامع مسجد چلکل گوڑہ، جامع مسجد عنبرپیٹ، جامع مسجد وادی ہدی، جامع مسجد ٹولی چوکی، جامع مسجد کاروان کے بشمول شہر کی دیگر تمام مساجد میں جلسہ فضائل شب برأت، عبادتوں کا اہتمام کیا گیا۔

کل ہند مرکز رحمت عالم کمیٹی کی جانب سے چنچل گوڑہ جونیئر کالج گراؤنڈ پر جلسہ شب برأت تحفظ ناموس رسالت ؐ کا انعقاد عمل میں لایاگیا۔جلسہ سے ممتاز عالم دین مفتی اشرف جیلانی ازہری (راجستھان) مفتی ذاکر حسین نعیمی(مراد آباد) نے فضائل شب برأت پر تفصیلی روشنی اور عامتہ المسلمین کو قرآن وسنت پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی ہے۔ کل ہند بزم رحمت عالم کے زیر اہتمام قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں مرکزی جلسہ شب برأت کا انعقاد عمل میں آیا۔

جلسہ سے مولانا قاری اقبال رضوی(مراد آباد)، مولانا محمد فروغ القادری اور دیگر ممتاز علماء اکرام نے خطاب کرتے ہوئے عامتہ المسلمین کو قرآن وسنت پر عمل پیرا ہونے کی ہدایت دی۔

جامعہ المومنات مغلپورہ کی جانب سے جلسہ شب برأت برائے خواتین کا انعقاد عمل میں لایاگیا۔ ڈاکٹر حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل وشیخ الحدیث ودیگر عالمہ نے فضائل شب برأت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور خواتین کو قرآن وسنت پر عمل کرنے کی تلقین کی۔

a3w
a3w