دہشت گردی سے نمٹنے ورکنگ گروپ قائم ہوگا
کواڈ ممالک کے وزرائے خارجہ نے جمعہ کے دن پھر سے عہد کیا کہ کواڈ آزاد و کھلے ہند۔ بحرالکاہل خطہ کا پابند ہے۔
نئی دہلی: کواڈ ممالک کے وزرائے خارجہ نے جمعہ کے دن پھر سے عہد کیا کہ کواڈ آزاد و کھلے ہند۔ بحرالکاہل خطہ کا پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ کواڈ‘ قانون کی حکمرانی‘ اقتدارِ اعلیٰ‘ علاقائی یکجہتی اور تنازعات کی پرامن یکسوئی کی پرزور حمایت کرتا ہے۔
اس تبصرہ پر چین کو ڈھکے چھپے پیام کے طورپر دیکھا جارہا ہے۔ وزرائے خارجہ ایس جئے شنکر‘ انٹونی بلنکن (امریکہ)‘ یوشی ماساہیاشی (جاپان) اور پینی وانگ (آسٹریلیا) کی میٹنگ کے بعد اعلان کیا گیا کہ کواڈ کا ایک ورکنگ گروپ قائم ہوگا جو دہشت گردی کا توڑ کرے گا۔ وہ دہشت گردی کی نئی اشکال اور پرتشدد انتہاپسندی سے نمٹنے کے اقدامات تجویز کرے گا۔
وزرائے خارجہ نے مل جل کر کام کرنے اور کواڈ کے ایجنڈہ کو آگے بڑھانے کا عہد کیا۔ سال 2023 میں جی 7 کی صدارت جاپان کے پاس‘ جی 20 کی صدارت ہندوستان کے پاس اور ایشیا پیسفک اکنامک کوآپریشن (اپیک) کی میزبانی امریکہ کے پاس ہے۔ میٹنگ کے بعد چاروں وزرائے خارجہ نے رائے سینا ڈائیلاگ کے ایک سیشن میں حصہ لیا۔
انہوں نے کواڈ رکن ممالک کے مفادات پر تبادلہ خیال کیا۔ انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہمارے لئے مستقبل کا بڑا حصہ ہند۔ بحرالکاہل میں ہے۔ امریکی اور آسٹریلیائی وزیر خارجہ‘ جی 20 وزرائے خارجہ میٹنگ میں شرکت کے لئے ہندوستان میں ہیں جبکہ جاپانی وزیر خارجہ کواڈ میٹنگ میں شرکت کے لئے خاص طورپر نئی دہلی پہنچے۔
کواڈ میٹنگ کے مشترکہ بیان میں دہشت گردی اور پرتشدد انتہاپسندی کی تمام اشکال کی مذمت کی گئی۔ کواڈ وزرا نے کہا کہ کواڈ‘ علاقائی اور عالمی بھلائی کی طاقت کے طورپر کام کررہا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کواڈ کا ورکنگ گروپ قائم کیا جارہا ہے جس کی پہلی میٹنگ امریکہ میں جاریہ سال ہوگی۔ کواڈ کی چوٹی کانفرنس چند ماہ بعد آسٹریلیا میں ہونے والی ہے۔