تلنگانہ

دہلی کے بروکرس نے تلنگانہ کی عزت نفس خریدنے کی کوشش کی: کے چندر شیکھر راؤ

تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اتوار کے روز کہا کہ دہلی کے بروکرس نے ٹی آرایس کے 4ارکان کو 100کروڑ روپے کی پیشکش کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کی عزت نفس کو خرید نے کی کوشش کی۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اتوار کے روز کہا کہ دہلی کے بروکرس نے ٹی آرایس کے 4ارکان کو 100کروڑ روپے کی پیشکش کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کی عزت نفس کو خرید نے کی کوشش کی۔

ایم ایل ایز کو خریدنے کی کوشش کے کیس پر پہلی بار تبصرہ کرتے ہوئے کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ایسے افراد جو وزیر اعظم نریندر مودی کے لئے کام کرتے ہیں اور آر ایس ایس میں اہم کردار اداکرتے ہیں، ارکان اسمبلی کو خریدنے ہاں آئے تھے اور اب یہ افراد سیدھا جیل جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کی تحقیقات ہونی چاہئے کہ اتنی بھاری رقم کہاں سے آئی ہے اور اس کے پیچھے کون ہیں؟ اس گھناونے کھیل میں ملوث افراد کو ایک منٹ کیلئے عہدہ پر برقرار رہنے کاحق نہیں ہے حلقہ اسمبلی منگوڈ میں پارٹی امیدوار کی تائید میں منعقدہ ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کے چندر شیکھرراؤ نے پارٹی کے 4 ارکان اسمبلی پر فخر کیا ہے جنہوں نے مویشیوں کی طرح خود کو فروخت کرنے سے انکار کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کی عزت نفس کی لاج رکھ لی۔

بی جے پی کے مبینہ3ایجنٹوں میں دو مذہبی قائدین (سوامی) بھی شامل ہیں ان تینوں کو سائبر آباد پولیس نے 26/ اکتوبر کو شہر کے نواحی علاقہ عزیز نگر میں ایک فارم ہاوز سے گرفتار کیا تھا جہاں یہ ملزمین، ارکان مقننہ کو خریدنے کی کوشش کررہے تھے۔ ٹی آر ایس سربراہ نے کہا کہ وہ یہ جاننا چاہتے ہیں، ایم ایل ایز کو خریدنے کیلئے سینکڑوں کروڑ روپے کہاں سے آئے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں حکومتوں کو گرانے کیلئے بی جے پی نے ایم ایل ایز کو خریدا ہے۔”کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ آپ مزید کیا چاہتے ہیں؟۔ وزارت عظمی کے عہدہ سے زیادہ بڑا عہدہ ہندوستان میں نہیں ہے۔

آپ کو دوبار، اس عظیم عہدہ پر فائز ہونے کا موقع مل چکا ہے۔ یہ ظلم کیوں، آیا یہ ملک اور سماج کیلئے بہتر ہے؟۔ آپ خود عوام کو بتائیں۔“ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام نے ٹیلی ویژن پر جو کچھ دیکھا ہے وہ دہلی کے تخت کو ہلانے کیلئے کافی ہے۔ دہلی کے تخت کو متزلزل کرنے کیلئے آئندہ بھی اس طرح کے نظارے دیکھنے کو ملیں گے۔

چیف منسٹر نے عوام سے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر مزید کچھ نہیں کہیں گے کیونکہ وہ چیف منسٹری کے آئینی عہدہ پر فائز ہیں۔ وہ اس کیس کے بارے میں مزید کوئی تبصرہ نہیں کریں گے کیونکہ یہ کیس اب عدالت میں زیر دوران ہے۔ کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کے پاس تلنگانہ کے کسانوں سے دھان خریدنے کیلئے پیسہ نہیں ہے مگر ارکان اسمبلی کو خریدنے کیلئے اس جماعت کے پاس سینکڑوں کروڑ روپے ہے۔

انہوں نے حلقہ منگوڈ کے عوام پر زور دیا کہ وہ لبھانے والی تقاریر اور جھوٹے پروپگنڈہ سے ہر گز متاثر نہ ہوں۔اور عوام کو چاہئے کہ وہ بی جے پی کو سبق سکھائیں۔ پی ٹی آرئی کے مطابق چیف منسٹر نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی، ٹی آر ایس کے 20 یا30 ارکان اسمبلی کو خرید نے کی کوشش کررہی ہے۔

منگوڈ میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہلی بروکرس نے ارکان اسمبلی کو خرید نے کیلئے آئے۔ ان بروکرس نے ہر ایک ایم ایل اے کو 100کروڑ روپے کی پیشکش کی۔ زعفرانی پارٹی چاہتی ہے کہ حکمراں جماعت کے20 یا30 ارکان اسمبلی کو خرید کر تلنگانہ میں کے سی آر حکومت کو گرایا جائے۔

انہوں نے حلقہ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹی آ رایس کو کامیاب بنائیں۔ذرائع کے بموجب چیف منسٹرکے سی آر نے وزیر اعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حلقہ کے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی حکومت منگوڈ کے عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کی بھرپور سعی کرے گی اور حلقہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔