تلنگانہ

ضمنی الیکشن کے بعد کے سی آر کی فارم ہاوز واپسی یقینی: بنڈی سنجے

صدربی جے پی تلنگانہ بنڈی سنجے کمار نے پھر ایک بارالزام عائد کیا کہ ٹی آرایس کی جانب سے منگوڈضمنی انتخاب میں بہر صورت کامیابی حاصل کرنے کے لئے اقتدار کا غلط استعمال کیاجارہا ہے۔

حیدرآباد: صدربی جے پی تلنگانہ بنڈی سنجے کمار نے پھر ایک بارالزام عائد کیا کہ ٹی آرایس کی جانب سے منگوڈضمنی انتخاب میں بہر صورت کامیابی حاصل کرنے کے لئے اقتدار کا غلط استعمال کیاجارہا ہے۔

آج منگوڈمیں دونیپا مولا دیہات میں انتخابی مہم کے تحت روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ٹی آرایس کی جانب سے فی ووٹ 40,000 روپے دیئے جارہے ہیں۔

حکمراں جماعت کی جانب سے 100اراکین اسمبلی کومنگوڈ انتخاب کی نگرانی کیلئے بھیجا کیا گیا ہے۔ٹی آرایس ہر جائزوناجائزطریقہ کو اختیار کرتے ہوئے انتخاب میں کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے۔

چیف منسٹرپر بے قاعدگیوں میں ملوث ہوتے ہوئے کروڑہا روپے کے اثاثہ جات کے مالک بن جانے کا الزام لگاتے ہوئے بنڈی سنجے کمار نے کہاکہ تعجب اس بات پر ہورہاہے کہ کس طرح ایک مقروض ریاست کاچیف منسٹرایک سوکروڑ روپے مالیتی ہوائی جہاز خرید سکا۔

انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر ریاست کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں مگر وہ اپنے افراد خاندان کو سیاسی روزگار فراہم کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ سنجے نے کہا کہ مرکزی حکومت تلنگانہ کو کروڑہاروپے بطورفنڈس جاری کررہی ہے مگرریاستی حکومت احسان فراموشی کا مظاہرہ کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ منگوڈ میں ٹی آرایس امیدوار کی کامیابی کے بعد کے سی آر‘فارم ہاوز چلے جائیں گے۔اس لئے عوام کودور اندیشی اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ کا استعمال نہیں کرنا چاہئے۔

ایک دوسرے روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی امیدوار کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے کے سی آر پر سیاست کو تجارت بنادینے کا الزام عائد کیا۔انہوں نے کہاکہ کے سی آر نے اپنے خلاف اٹھنے والی ہر آوازکودبانے کے لئے کانگریس کے 18میں سے 12اراکین اسمبلی خریدلئے تھے۔

انہوں نے ان الزامات کی نفی کی کہ وہ خودکوبی جے پی کے ہاتھوں فروخت کرچکے ہیں۔ راجگوپال ریڈی نے کہاکہ اگروہ لالچی ہوتے تو اُن 12 کانگریس اراکین اسمبلی کی فہرست کاحصہ ہوتے جو ٹی آرایس کے ہاتھوں فروخت ہوچکے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ان کا بی جے پی میں شمولیت اوررکنیت اسمبلی سے مستعفی ہونے کا مقصد عوام کے مفاد میں اٹھایا گیااقدام ہے۔

a3w
a3w