تلنگانہ

بجٹ کا بڑا حصہ فلاحی اسکیمات پر خرچ: ہریش راؤ

ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤنے کہاکہ چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤکی دوراندیش اور مدیرانہ قیادت میں ریاست تمام شعبوں میں تیزی سے ترقی کی طرف گامزن ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤنے کہاکہ چیف منسٹرکے چندرشیکھرراؤکی دوراندیش اور مدیرانہ قیادت میں ریاست تمام شعبوں میں تیزی سے ترقی کی طرف گامزن ہے۔

آج ٹوٹر پرریاست کے عوام کو روشنیوں کے تہواردیپاولی کی مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے تحریر کیا کہ کے سی آر کی جستجو کی وجہ سے ریاست کے تمام 33 اضلاع میں میڈیکل کالجس قائم کرنے کا فیصلہ لیاگیا۔

انہوں نے کہاکہ تشکیل تلنگانہ کے بعد ریاست میں 12نئے میڈیکل کالجس کو منظوری دی گئی تھی اور مزید 16 کالجس کومنظوری دی جائے گی جس سے ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج کے قیام کا مقصد پوراہوجائے گا۔اس کے علاوہ ریاست میں 8نئے نرسنگ کالجس قائم کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں تلنگانہ ایسی واحد ریاست ہے جہاں بجٹ کابڑا حصہ فلاحی اسکیموں پر عمل آوری کے لئے خرچ کیاجاتا ہے‘تلنگانہ میں روبہ عمل آسراپنشن‘ شادی مبارک‘کلیان لکشمی‘ اوورسیزاسکالرشپ‘ ریسیڈنشیل اسکولس‘کالجس رعیتوبیمہ‘رعیتو بندھو‘ مشن بھاگیرتا اورمشن کاکتیہ ملک کی تمام ریاستوں کیلئے مثالی ہیں۔

وزیر فینانس نے کہاکہ مرکز کے عدم تعاون کے رویہ کے باوجود ریاستی حکومت اپنے بل بوتے پر‘ ریاست کے وسائل کواستعمال کرتے ہوئے فلاحی اور ترقیاتی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کا مقصد روشنیوں کے تہوار کی طرح عوام کی زندگیوں میں خوشیوں اور ترقی کی روشنی پھیلاناہے۔