آندھراپردیش

شوہر کا قتل۔ بیوی، اس کا عاشق اور دوست گرفتار

آندھرا پردیش کے ضلع سریکا کولم میں ایک کنال سے ایک آدمی کی جلی ہوئی لاش کے باقیات ملنے کے5ماہ بعد پولیس نے ا س شخص کی اہلیہ، اسکا عاشق (آشنا) کے علاوہ ایک دوسرے شخص کو قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

وشاکھا پٹنم: آندھرا پردیش کے ضلع سریکا کولم میں ایک کنال سے ایک آدمی کی جلی ہوئی لاش کے باقیات ملنے کے5ماہ بعد پولیس نے ا س شخص کی اہلیہ، اسکا عاشق (آشنا) کے علاوہ ایک دوسرے شخص کو قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

مقتول کے موبائل فون ڈاٹا کے ذریعہ پولیس نے اس کیس کو حل کرلیا۔ تحقیقات کے دوران حیرت انگیز انکشاف یہ ہوا کہ راجو کی اہلیہ سجاتا کے ایک دوسرے شخص بی رامو سے ناجائزتعلقات تھے۔ سجاتا نے شوہر کے راجو کو راستہ سے ہٹانے کیلئے اپنے شوہر کا قتل کرایا۔ پولیس نے بی رامو کے دوست کے ناگراجو کو گرفتار کرلیا جس نے اس قتل میں اس کی معاونت کی تھی۔ کے راجو، وجیانگرم کے موضع گما لکشمی پورم گاؤں کا رہنے والا تھا۔

تقریباً دس سال قبل وہ، ضلع سریکا کولم کے ہیرامنڈلم منڈل کے موضع چنا کولی ولا سہ منتقل ہوا تھا۔ اُس نے اُسی منڈل کی سجاتا کے ساتھ شادی کی تھی۔ انہیں 2 بچے بھی ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ اس جوڑے کے درمیان اکثر جھگڑا ہوتا تھا اس دوران سجاتا نے بی رامو نامی شخص سے نا جائز ازدواجی تعلقات استور کرلئے تھے۔

رامو، پادالی گاؤں کا رہنے والا تھا۔ کے راجو، بحیثیت لیبر کام کیلئے کچھ عرصہ حیدرآباد روانہ ہوا تھا تاہم وہ 4ا/ اپریل کو ہیرا منڈل واپس لوٹا۔ تب ہی سجاتا اور رامو نے راجو کے قتل کی سازش رچی، پولیس کے مطابق 6/ اپریل کو رامو اور ناگراجو نے کے راجو کے ساتھ ومسادھارا ندی کے قریب شراب نوشی کی جب راجو ہوش میں نہیں تھا تب ناگراجو اور رامو نے اسے آٹو رکشہ کے ذریعہ ومسادھارا کے قریب دائیں بازو کنال جو ایل این پٹیا منڈل کے قریب ہے، منتقل کیا جہاں ان دونوں نے آٹو کے انجن کو اسٹارٹ کرنے میں استعمال ہونے والے تار کی مدد سے راجو کا گلا گھونٹ دیا اورلاش کو کھیت میں پھینک دیا۔

دونوں جب گھر پہنچے تو سجاتا نے ان دونوں سے کہا کہ کھیت میں لاش پڑی رہنے سے کوئی بھی پولیس کو اس کی اطلاع دے گا۔ جس سے راجو کی شناخت ہوجائے گی۔ سجاتا کے مشورہ پر ناگراجو اور رامو، دوسرے روز 7/ اپریل کی شب اُس مقام پہنچے جہاں انہوں نے راجو کی لاش پھینکی تھی۔ ان دونوں نے لاش پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تاہم بارش کی وجہ سے لاش مکمل طور پر نہیں جل پائی۔

دونوں ملزمین نے ادھ جلی لاش کو مین کنال میں پھینک دیا۔ چند دنوں بعد چند افراد نے کنال میں ادھ جلی لاش دیکھی اور اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ پولیس نے جائے وقوع پہنچ کر انکوائری کی اور مشتبہ حالات میں موت کا کیس درج کرلیا۔ اس دوران سجاتا نے پولیس میں شوہر کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی تھی تاکہ کسی کو راجو کے قتل کا شک نہ ہو۔

ہیرا منڈل پولیس اسٹیشن میں 22/ اپریل کو کیس درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا۔ اُس نے مقتول راجو کے موبائل فون کا ڈاٹا حاصل کیا جس میں تحقیقاتی ٹیم کو کچھ اہم سراغ ہاتھ لگے۔ پولیس نے جب سجاتا، اس کے عاشق اور اس کے دوست سے پوچھ تاچھ کی تو ان تینوں نے جرم کا اعتراف کرلیا۔