شمالی بھارت

فساد کیس، چیف منسٹر پنجاب کی عدالت میں حاضری

عام آدمی پارٹی قائدین نے جنوری 2020ء میں برقی شرحوں میں اضافہ کے خلاف اس وقت کی کیپٹن امریندر سنگھ زیرقیادت کانگریس حکومت کے خلاف پارٹی کے احتجاج کی قیادت کی تھی۔

چندی گڑھ: چیف منسٹر پنجاب بھگونت مان اور ان کے کابینی رفیق ہرپال چیما آج دو سال قدیم فساد کیس میں چیف جیوڈیشیل مجسٹریٹ امن اندر سنگھ کی عدالت میں پیش ہوئے۔ عام آدمی پارٹی قائدین نے جنوری 2020ء میں برقی شرحوں میں اضافہ کے خلاف اس وقت کی کیپٹن امریندر سنگھ زیرقیادت کانگریس حکومت کے خلاف پارٹی کے احتجاج کی قیادت کی تھی۔

 بہرحال عدالت نے ایک اور کابینی وزیر امن اروڑا کو عدالت میں حاضر ہونے سے استثنیٰ دے دیا۔ عام آدمی پارٹی قائدین بشمول مان اور چیما کے خلاف چندی گڑھ پولیس پر سنگباری کرنے کا الزام ہے۔ یہ احتجاجی مظاہرہ 10 جنوری 2020ء کو کیا گیا تھا۔

 ان سب کے خلاف فساد بھڑکانے، حملہ کرنے اور پولیس کو کام کرنے سے روکنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ بھگونت مان کی نمائندگی سینئر ایڈوکیٹ انمول رتن سدھو اور ایڈوکیٹ پرتھم سیٹھی نے کی۔ پولیس کے مطابق عام آدمی پارٹی حامیوں کی سنگباری میں تقریباً 6 پولیس ملازمین زخمی ہوئے تھے۔