مسجد اقصیٰ میں 250,000 مسلمانوں نے نمازجمعہ ادا کی
یروشلم کے مختلف علاقوں میں اسرائیل کی جارحیت اور تشدد کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ کشیدگی میں اضافہ ہوتاجارہا ہے۔
رملہ: یروشلم کے مختلف علاقوں میں اسرائیل کی جارحیت اور تشدد کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ کشیدگی میں اضافہ ہوتاجارہا ہے۔
صورتحال کے غیریقینی ہونے کے باوجود مسجد اقصیٰ میں 250,000 مسلمانوں نے نمازجمعہ ادا کی۔ اس موقع پر خاطرخواہ انتظامات کئے گئے تھے۔
بتایاجاتا ہے کہ رمضان کے اختتام پر مذکورہ مسجد میں عبادت کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتاجارہا ہے اور وداعی جمعہ کے موقع پر مسلمانوں کی قابل لحاظ تعداد موجود تھی۔ ذرائع نے مزید بتایاہے کہ 3200 پولیس جوانوں کے علاوہ بارڈرپولیس کو بھی متعین کیاگیاتھا تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے فوری طور پر نمٹاجاسکے۔
حکام نے خواتین اور دوسرے تمام افراد کو عبادت کی اجازت دی جبکہ 12 سال سے کم عمر کے بچوں کیلئے بھی عبادت کا موقع فراہم کیاگیاتھا۔ مسجد اقصیٰ اور قرب وجوار کے علاقوں میں حکام کی جانب سے سخت سیکیوریٹی انتظامات کئے جارہے ہیں تاکہ یہودیوں اور مسلمانوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تشدد سے فوری طور پر نمٹاجاسکے۔
رملہ سے تعلق رکھنے والے 51 سالہ احمدقاسب نے بتایاکہ انہوں نے مسجد اقصیٰ میں عبادت کرتے ہوئے خوشی محسوس کی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہرکی ہے کہ علاقہ میں کشیدگی میں کمی کی راہ ہموارہوتی جائے گی۔ مسجد اقصیٰٰ کے امام شیخ اکرم صابری نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے امن عالم کیلئے دعا کی۔
انہوں نے فلسطینیوں کی کامیابی کیلئے بھی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کو اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کی ضرورت ہے۔ اطلاعات کے مطابق مسجد الحرام میں زائرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتاجارہا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ رمضان کے پہلے 20 دنوں کے دوران 22ملین سے زائدافراد نے مسجد میں عبادت کی اور مختلف مقامات کی زیارت بھی کی ہے۔
بتایاجاتا ہے کہ مسجدالحرام میں رمضان کے آغاز سے ہی عبادت کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتاجارہا تھا اور اب جبکہ رمضان کے اختتام عمل میں آرہا ہے۔ مسجد میں زائرین کی تعداد میں کہیں زیادہ اضافہ ہوگیا ہے۔ 2 مساجد کے امور کے صدرڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے توثیق کی ہے کہ مسجدالحرام اور مسجد نبویؐ میں زائرین کی تعداد میں اضافہ ہوتاجارہا ہے جن کیلئے خاطرخواہ انتظامات بھی کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایاہے کہ آب زم زم کی تقسیم کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ تاحال آب زم زم کی 57,6000 بوتلیں تقسیم کی جاچکی ہیں۔ اس کے علاوہ مزیدبوتلوں کی تقسیم کیلئے بھی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ السدیس نے مزید بتایاہے کہ عبادت میں مصروف افراد کیلئے ممکنہ سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔
اس مقصد کیلئے والنٹیرس کے تقررات کئے گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے تمام عصری تقاضوں کے پیش نظرانتظامات کئے جارہے ہیں تاکہ عمرہ کیلئے آنے والے افراد کیلئے بھی کوئی مسائل اور مشکلات پیش نہ آئیں۔
1,15000 سے زائد افراد نے بک لیٹس سے استفادہ کیا جبکہ دوسرے کئی افراد نے زیارتوں کیلئے دی جانے والی سہولتوں سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے مقاصد کی تکمیل کی ہے۔ بتایاگیاہے کہ عمررسیدہ افراد اور معذورین کیلئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ تاکہ انہیں عبادتوں اور زیارت کے دوران کوئی مسائل اور مشکلات پیش نہ آئیں۔