ایشیاء

پاکستانی فوج کو بدنام کرنے کی مہم کا انکشاف۔ ہندوستانی سوشل میڈیا اکاؤنٹس ملوث

ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے فوج کے خلاف بیشتر گمراہ کن دعوؤں اور داغدار کرنے کی مہم کے ذمہ دار 774 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا پتہ چلایا ہے جن میں سے بیشتر ہندوستان سے اور اُس ملک کے اندر کام کررہے ہیں۔

نئی دہلی: حکومت ِ پاکستان کی جانب سے تشکیل دی گئی ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے فوج کے خلاف بیشتر گمراہ کن دعوؤں اور داغدار کرنے کی مہم کے ذمہ دار 774 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا پتہ چلایا ہے جن میں سے بیشتر ہندوستان سے اور اُس ملک کے اندر کام کررہے ہیں۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی جانب سے طلب کردہ کمیٹی کے ایک اجلاس کے دوران یہ انکشاف کیا گیا۔ اخبار ایکسپریس ٹریبون نے یہ اطلاع دی ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے سائبر جرائم شعبہ نے وزارت کو اس کیس کی کارروائی کے بارے میں بھی مطلع کیا ہے۔

تحقیقاتی ٹیم نے اطلاع دی ہے کہ زائداز 17 اکاؤنٹس ہندوستان سے کام کررہے ہیں جبکہ 774کے منجملہ 204 اکاؤنٹس پاکستان کے اندر موجود لوگ چلارہے ہیں۔ ٹیم نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران 90 افراد کو شارٹ لسٹ کیا گیا اور ان سے تفصیلی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

حالیہ ہیلی کاپٹر حادثہ جس میں لسبیلہ میں 6 فوجی عہدیدار شہید ہوئے تھے‘ اس کے بعد قیاس آرائیوں کے دوران یہ آن لائن مہم چلائی جارہی ہے۔

بعض سیاسی کارکنوں نے بھی ایسے ہی الزامات عائد کئے تھے کیونکہ وہ فوج سے ناراض تھے۔ چہارشنبہ کی بریفنگ کے دوران ذرائع نے اس بات کی توثیق کی کہ وزارت ِ داخلہ نے تحقیقات پر اطمینان ظاہر کیا ہے اور تحقیقاتی ادارہ کو ”صفر برداشت پالیسی“ کے ساتھ پیشرفت کرنے کی ہدایت دی ہے۔