اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا برسراقتدار محاذ‘ اپوزیشن کے ساتھ ڈائیلاگ کے بہانہ عام انتخابات ملتوی کرانے کی کوشش میں ہے۔
حکومت نے ابھی تک بات چیت کے لئے ان کی پارٹی سے ربط پیدا نہیں کیا ہے۔ اے آر وائی نیوز چیانل کو انٹرویو میں پاکستان تحریک ِ انصاف(پی ٹی آئی) کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے بات چیت کے لئے ان کی پارٹی سے ابھی تک رجوع نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سے کسی نے بھی ابھی تک ہم سے رابطہ نہیں کیا۔
مجھے اندیشہ ہے کہ وہ لوگ بات چیت کو الیکشن ملتوی کرانے کے لئے استعمال کررہے ہیں۔ وہ صرف وقت ضائع کرنا چاہتے ہیں تاکہ الیکشن اکتوبر کے بعد ہو۔
گزشتہ ہفتہ سپریم کورٹ نے تمام سیاسی جماعتوں سے کہا تھا کہ وہ قومی اسمبلی اور 4 صوبائی اسمبلیوں کے بہ یک وقت انتخابات کی تاریخ پر اتفاق ِ رائے کرلیں۔ پاکستان مسلم لیگ نواززیرقیادت پی ڈی ایم نے اسے مسترد کردیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت عدالت کی نگرانی میں نہیں ہوگی۔
اخبار ڈان کے بموجب عمران خان نے کہا کہ بات چیت کی آڑ میں الیکشن کو زیرالتوا رکھنے کی کوشش ہورہی ہے۔ قومی اسمبلی کی میعاد جاریہ سال اگست میں مکمل ہوجائے گی۔
عمران خان جلد الیکشن پر زور دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی پارٹی کے رہنما شاہ محمود قریشی کو پی ڈی ایم سے بات چیت کا اختیار دے دیا ہے۔
بہ یک وقت الیکشن کی تجویز ہو تو بات چیت ہوسکتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ موجودہ نگراں ڈھانچہ کو جانا ہوگا۔ یہ ڈھانچہ اب غیرآئینی ہوچکا ہے۔ ہم حقیقی نگراں حکومتیں لانا چاہتے ہیں۔