کمسن ریسلر کا بیان مجسٹریٹ کے روبرو قلمبند
نابالغ ریسلر جس نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا(ڈبلیو ایف آئی) کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا‘ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت ایک مجسٹریٹ کے روبرو اپنا بیان قلمبند کرایا ہے۔
نئی دہلی: نابالغ ریسلر جس نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا(ڈبلیو ایف آئی) کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا‘ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت ایک مجسٹریٹ کے روبرو اپنا بیان قلمبند کرایا ہے۔ ایک عہدیدار نے آج یہ بات بتائی۔
ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ کمسن ریسلر کا بیان سرکاری طورپر چہارشنبہ کے روز ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت ایک مجسٹریٹ کے روبرو قلمبند کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ مستقبل قریب میں باقی 6 خاتون ریسلرس کے بیانات بھی مجسٹریٹ کے روبرو قلمبند کئے جائیں گے۔ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 بابتہ 1973 مجسٹریٹ کے ذریعہ اقبالی بیان یا بیانات قلمبند کرنے سے متعلق ہے۔
بعدازاں انہیں کیس کی انکوائری یا مقدمہ کی سماعت کرنے والے مجسٹریٹ کو روانہ کیا جاتا ہے۔ فی الحال پولیس نے تمام 7 خاتون ریسلرس بشمول نابالغ کے بیانات قلمبند کرلئے ہیں جنہوں نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 161 کے تحت اس کیس میں شکایات درج کرائی ہیں۔
دفعہ 161 پولیس کی جرح میں گواہوں کے بیانات پر مرکوز ہے۔ اسی سے متعلق واقعات میں دہلی کی ایک عدالت نے آج برج بھوشن شرن سنگھ کے جنسی ہراسانی کیس میں دہلی پولیس سے موقف رپورٹ طب کرلی۔
احتجاجی ریسلرس کی جانب سے داخل کی گئی درخواست پر جج نے پولیس کو نوٹس جاری کردی۔ ریسلرس نے تحقیقات کی نگرانی اور متاثرین کے بیانات کو راست عدالت میں قلمبند کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ 12 مئی تک رپورٹ داخل کرے جس کے بعد اس معاملہ پر مزید غور وبحث ہوگی۔