کھمم میں ”تلنگانہ جنا گرجنا“ کی بڑے پیمانے پر تیاریاں
صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی، ایم پی نے آج دیگر قائدین کے ہمراہ ضلع کھمم میں اس مقام کا معائنہ کیا جہاں 2جولائی کو کانگریس کی جانب سے تلنگانہ جنا گرجناکا بڑے پیمانہ پر انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔
حیدرآباد: صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی، ایم پی نے آج دیگر قائدین کے ہمراہ ضلع کھمم میں اس مقام کا معائنہ کیا جہاں 2جولائی کو کانگریس کی جانب سے تلنگانہ جنا گرجناکا بڑے پیمانہ پر انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔
اس جلسہ میں اے آئی سی سی قائد راہول گاندھی شرکت کریں گے اور سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکہ جن کی’پیپلز مارچ یاترا‘ اس جلسہ میں پہنچنے کے بعد اختتام کو پہنچے گی۔
راہول گاندھی اس کامیاب یاترا پر بھٹی وکرامارکہ کو تہنیت پیش کریں گے اور اس موقع پر بی آر ایس سے مستعفی سابق رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی کو راہول گاندھی باقاعدہ کانگریس پارٹی میں شامل کریں گے۔ گراونڈ کے معائنہ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے بتایا کہ 2جولائی کے جلسہ عام میں لاکھوں عوام کی شرکت یقینی ہے۔اس سلسلہ میں عوام کو کھمم پہنچنے کیلئے بڑے پیمانہ پر1500 بسوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ کھمم کا جلسہ عام تاریخی ہوگا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جلسہ میں شرکت کیلئے رکاوٹیں پیدا کئے جانے کا امکان ہے۔ تاہم کانگریس قائدین کسی بھی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے تلنگانہ تحریک میں نوجوانوں کی قربانیوں سے متاثر ہوکر علیحدہ تلنگانہ دیا ہے۔
آئندہ انتخابات میں عوام کانگریس پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے شدید منتظر ہیں اور اس کا آغاز 2جولائی کو ضلع کھمم سے ہوگا۔ جس میں راہول گاندھی تلنگانہ عوام کو اہم پیام دیں گے۔
ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 2جولائی کے جلسہ کو بڑے پیمانہ پر کامیاب بنائیں اس موقع پر مدھو یاشکی گوڑ، پی سرینواس ریڈی، ہنمنت راؤ، بلرام نائک، سیتا اکا، اور دیگر قائدین موجود تھے۔