گائیوں کے سرقہ کاا لزام۔ بنگلہ دیشی شخص کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا گیا
مغربی بنگال کے ضلع جلپائی گوڑی میں چہارشنبہ کے روز ایک بنگلہ دیشی شخص کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا گیا۔ اسے ایک مکان سے گائیوں کا سرقہ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔
جلپائی گوڑی (مغربی بنگال): مغربی بنگال کے ضلع جلپائی گوڑی میں چہارشنبہ کے روز ایک بنگلہ دیشی شخص کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا گیا۔ اسے ایک مکان سے گائیوں کا سرقہ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ بنگلہ دیشیوں کی ایک ٹولی منگل کی رات سرحد پار کرتے ہوئے ہندوستان میں داخل ہوئی تاکہ راج گنج بلاک کے ککور جن علاقہ کے ایک مکان سے گائیوں کا سرقہ کیا جاسکے۔
جب مقامی افراد نے ان کا پیچھا کیا تو اس ٹولی کے تمام ارکان بھاگ کر دوبارہ بنگلہ دیش کی حدود میں داخل ہوگئے لیکن ایک چور سرحد پار نہیں کرسکا اور قریبی چائے کے باغ میں گھس گیا۔
مقامی عوام نے رات بھر اس کا انتظار کیا اور صبح ہونے کے بعد انہوں نے اسے پکڑ لیا اور اسے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔
مہلوک کی محمد سلام کی حیثیت سے شناخت ہوئی۔ وہ شمالی بنگلہ دیش کے رنگ پور ڈویژن کے ضلع پنچ گڑھ کا ساکن تھا۔ اس واقعہ کے سلسلہ میں تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
راج گنج پولیس اسٹیشن کو اس معاملہ کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ پیٹ پیٹ کر ہلاک کرنے کے سلسلہ میں چند افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ٹولی نے جس مکان پر حملہ کیا تھا‘ اس کے مالک نرپن رائے نے بتایا کہ جب اس ٹولی کا پیچھا کیا گیا تو وہ گائیوں کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ ان سب نے سرحد پار کرلی اور بنگلہ دیش کے اندر داخل ہوگئے۔ صرف ایک چور نہیں بھاگ سکا۔ مار پیٹ کرنے پر وہ ہلاک ہوگیا۔ ہمارے گاؤں سے پہلے بھی گائیوں کا سرقہ کیا گیا تھا۔