شمالی بھارت

گجرات میں بی جے پی کی ریکارڈ اکثریت سے کامیابی متوقع: امیت شاہ

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج اعتماد ظاہر کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی آئندہ اسمبلی انتخابات کے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے بھاری اکثریت کے ساتھ دوبارہ اقتدار پر واپس ہوگی۔

احمد آباد: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج اعتماد ظاہر کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی آئندہ اسمبلی انتخابات کے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے بھاری اکثریت کے ساتھ دوبارہ اقتدار پر واپس ہوگی۔

ابھی تک زیادہ سے زیادہ تعداد میں کامیابی کا ریکارڈ کانگریس کا رہا ہے۔ 1985 میں اس وقت کے چیف منسٹر مادھوسنہہ سولنکی کی قیادت میں کانگریس کو اسمبلی کی 182 نشستوں کے منجملہ 149 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

الیکشن آفیسر کے پاس پرچہ نامزدگی داخل کرنے پارٹی کے نارنپورہ امیدوار جتیندرا پٹیل الیس برج امیدوار امیت شاہ اور سانند امیدوار کانو پٹیل کے ہمراہ مرکزی وزیر داخلہ شاہ بھی پہنچے۔

عام آدمی پارٹی پر درپردہ تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گجرات کے لوگ کبھی بھی تیسری پارٹی کو ووٹ نہیں دئیے اور اس پارٹی کے تمام امیدوار اپنا ڈپازٹ گنوا دیں گے۔ شاہ نے مزید کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر بھوپیندرا پٹیل کی زیرقیادت ریاست ترقی کی راہ پر گامزن رہے گی اور ترقی کی نئی بلندیوں کو پہنچے گی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مرکزی وزیر مسائل سے درپیش حلقوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوشش میں ہیں۔ پارٹی کو ہنوز وڈودرا کے حلقوں منجلپور اور راؤپورہ ضلع مہسانہ کے کھیرالو اور گاندھی نگر کے منساحلقہ کے لئے امیدواروں کو قطعیت دینا باقی ہے۔ امیدواروں کے انتخاب پر مایوس اور برہم کارکنوں اور مقامی لیڈروں کو سمجھانے بجھانے میں ابھی وہ مصروف ہیں۔