ہندوستانی ٹیم بنگلہ دیش کیلئے روانہ
ٹیم انڈیا اپنی بنگلہ دیش سیریز کیلئے ڈھاکہ روانہ ہوگئی ہے۔ ٹیم انڈیا اس دورے پر 3 ونڈے سیریز کے علاوہ 2 ٹسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔
نئی دہلی: ٹیم انڈیا اپنی بنگلہ دیش سیریز کیلئے ڈھاکہ روانہ ہوگئی ہے۔ ٹیم انڈیا اس دورے پر 3 ونڈے سیریز کے علاوہ 2 ٹسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔
ونڈے سیریز کا پہلا میچ 4 دسمبر کو کھیلا جائے گا جبکہ ٹور کا اختتام 26 دسمبر کو ہوگا۔ ہندوستان کے سابق کپتان ویراٹ کوہلی نے کھلاڑیوں کے ساتھ اس دورے پر روانگی کی تصویر شیئر کی ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی۔
اس تصویر میں ان کے ساتھ چیتشور پجارا اور اومیش یادو نظر آرہے ہیں جنہیں اس دورے میں ٹسٹ ٹیم میں موقع ملا۔ ویراٹ کوہلی سمیت روہت شرما اور کے ایل راہول جیسے کھلاڑی نیوزی لینڈ کے دورے پر ٹیم کے ساتھ نہیں تھے۔ انہیں اس سیریز میں آرام دیا گیا تھا تاہم کوہلی سمیت تینوں کھلاڑی بنگلہ دیش کے دورے پر واپسی کریں گے۔
کے ایل راہول اس دورے میں نائب کپتان ہیں۔ 4 دسمبر سے شروع ہونے والے اس دورے میں ٹیم انڈیا 3 ونڈے اور 2 ٹسٹ میچ کھیلے گی۔ یہ ٹیم انڈیا کیلئے سال 2022 کی آخری اسائنمنٹ ہے۔ دوسرا اور تیسرا ونڈے بالترتیب 7 دسمبر اور 10 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ اگلے سال ہندوستانی سرزمین پر ہونے والے ونڈے ورلڈکپ کے پیش نظر یہ دورہ ٹیم انڈیا کیلئے بہت اہم مانا جا رہا ہے۔
اسی دوران بنگلہ دیش کو سیریز سے قبل دو بڑے جھٹکے لگے ہیں۔ کپتان تمیم اقبال سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ 14 دسمبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ میں بھی ان کا کھیلنا مشکوک ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم کو بولنگ کے شعبے میں دھکا لگا۔ سوئنگ کے ماہر تسکین احمد کا پہلے ونڈے میں کھیلنا مشکل ہے۔ رپورٹس کے مطابق تمیم 30 نومبر کو شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں وارم اپ میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے۔
کمر کی انجری کے باعث تمیم کو دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیاہے۔ ونڈے سیریز کا آخری میچ 10 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ اس کے چار دن بعد پہلا ٹسٹ کھیلا جائے گا۔ ایسی صورتحال میں تمیم نہ صرف ونڈے میں بلکہ فٹ نہ ہونے کی صورت میں وہ پہلے ٹسٹ سے بھی باہر ہوسکتے ہیں۔
تمیم کی جگہ ونڈے سیریز کیلئے کپتان کا اعلان ہونا باقی ہے۔ دوسری جانب تسکین احمد کے سیریز کے پہلے میچ سے باہر ہونے کے بعد بنگلہ دیش کو بھی تیز رفتاری کے شعبے میں دھکا لگاہے۔ تسکین حالیہ دنوں میں شاندار فارم میں ہیں۔ توقع تھی کہ وہ فاسٹ بولنگ کے شعبے کی قیادت کریں گے۔ اب ان کی انجری کے بعد شریف الاسلام کو ونڈے ٹیم میں طلب کیاہے۔