انٹرٹینمنٹ

گلوکارہ ملیکا راجپوت نے خودکشی کرلی

ملیکا کی والدہ سمترا سنگھ نے بتایا کہ وہ لاعلم ہیں کہ اس نے کب خودکشی کرلی۔ کمرہ کا دروازہ تو بند تھا مگر لائٹ جل رہی تھی۔ ہم نے تین چکر لگائے لیکن دروازہ نہ کھول سکے۔ آخر کار میں نے کھڑکی سے جھانکا تو دیکھا کہ وہ کھڑی ہوئی تھی۔

کانپور: گلوکارہ وجئے لکشمی عرف ملیکا راجپوت نے خودکشی کرلی۔ وہ منگل کو اتر پردیش کے سلطان پور میں واقع اپنے مکان میں مردہ پائی گئی۔ اس کی عمر 35 سال تھی۔

اطلاعات کے مطابق ملیکا راجپوت کی لاش اس کی رہائش گاہ کے کمرے میں پنکھے سے لٹکی ہوئی دستیاب ہوئی۔ مقامی پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

انڈیا ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق ملیکا کی والدہ سمترا سنگھ نے بتایا کہ وہ لاعلم ہیں کہ اس نے کب خودکشی کرلی۔ کمرہ کا دروازہ تو بند تھا مگر لائٹ جل رہی تھی۔ ہم نے تین چکر لگائے لیکن دروازہ نہ کھول سکے۔ آخر کار میں نے کھڑکی سے جھانکا تو دیکھا کہ وہ کھڑی ہوئی تھی۔

دروازہ کھٹکھٹانے پر اس نے نہیں کھولا تو ہم نے اسے توڑ دیا اور دیکھا کہ ہماری بیٹی پنکھے سے لٹک رہی ہے۔ میں نے اپنے شوہر اور دوسروں کو فون کرکے بلایا تاہم ملیکا مرچکی تھی۔

کوتوالی پولیس اسٹیشن کے انچارج شری رام پانڈے کا کہنا ہے کہ یہ خودکشی کا معاملہ لگتا ہے۔

واضح رہے کہ ملیکا راجپوت فلم ریوالور رانی میں کنگنا رناوت کے ساتھ کام کرچکی ہے۔ سائی کبیر کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں پیوش مشرا، ذاکر حسین اور پنکج سرسوت کے ساتھ ویر داس بھی نظر آئے تھے۔

ملیکا نے 2014 میں ریلیز ہوئی اس فلم میں معاون کردار ادا کیا تھا۔ وہ شان کی میوزک ویڈیو ‘‘یارا تجھے’’ کا بھی حصہ رہ چکی ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس نے 2016 میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن دو سال کے اندر ہی پارٹی چھوڑ دی۔ ملیکہ ایک تربیت یافتہ کتھک ڈانسر بھی تھی۔

a3w
a3w