یوم آزادی کے موقع گورنر تلنگانہ تمیلی سائی کی مبارکباد
گورنر نے کہاکہ ہم نوآبادیاتی استعماری استبداد سے آزاد ہوئے اور ان گنت قربانیوں و بے تکان جدوجہد کے بعد ہم نے آزادی حاصل کی۔ اس تاریخی موقع پر یہ ہمارا فرض ہے کہ قومی جھنڈے کے تئیں احترام اور وقار کا اظہار کریں۔
حیدرآباد: گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندراراجن نے ریاست کے عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیام میں انہوں نے کہا ”ہمارا ملک آزادی کے 75 برس آزادی کا امرت مہوتسو منارہا ہے۔ ہمارے ملک کی تاریخ کا یہ یادگار دن ہے۔
ہم نوآبادیاتی استعماری استبداد سے آزاد ہوئے اور ان گنت قربانیوں و بے تکان جدوجہد کے بعد ہم نے آزادی حاصل کی۔ اس تاریخی موقع پر یہ ہمارا فرض ہے کہ قومی جھنڈے کے تئیں احترام اور وقار کا اظہار کریں۔ آزادی حاصل کرنے کے بعد ہندوستان نے تمام شعبہ جات میں نمایاں چھلانگ لگائی اور ہم فی الحال اس کے فائدے حاصل کررہے ہیں۔
اس اہم موقع پر ہمیں چاہئے کہ ہم ان شخصیات کو یاد کریں جنہوں نے اپنی جانیں قربان کی تھیں۔ آیئے ہم یہ عہد کریں کہ خودمکتفی کے حقیقی جذبہ کے تمام پہلووں میں ہندوستان کو مضبوط، مستحکم اور خودانحصار بنائیں۔ انہوں نے تمام کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔