دہلی

ایجنسیوں کا بے جا استعمال روکا جائے، صدرجمہوریہ کو اپوزیشن کا مکتوب

مکتوب میں قائدین نے حکومت کے ”اڑیل رویہ“ کا مسئلہ بھی اٹھایا جو بڑھتے دام اور جی ایس ٹی میں اضافہ پر فوری بحث ہونے نہیں دے رہی ہے۔ مکتوب پر کانگریس‘ عام آدمی پارٹی‘ آر جے ڈی‘ سی پی آئی ایم اور دیگر جماعتوں کے قائدین کے دستخط ہیں۔

نئی دہلی: کئی اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے منگل کے دن صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کو لکھا کہ حکومت‘ اپوزیشن کو نشانہ بنانے مرکزی ایجنسیوں کا بے جا استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے صدرجمہوریہ سے مداخلت کا مطالبہ کیا۔

 صدرجمہوریہ کے نام مکتوب میں قائدین نے حکومت کے ”اڑیل رویہ“ کا مسئلہ بھی اٹھایا جو بڑھتے دام اور جی ایس ٹی میں اضافہ پر فوری بحث ہونے نہیں دے رہی ہے۔ مکتوب پر کانگریس‘ عام آدمی پارٹی‘ آر جے ڈی‘ سی پی آئی ایم اور دیگر جماعتوں کے قائدین کے دستخط ہیں۔

انہوں نے صدرجمہوریہ کو لکھا کہ ہم آپ کی توجہ سیاسی مخالفین کے خلاف منتظم انتقامی مہم کے ایک حصہ کے طورپر تحقیقاتی ایجنسیوں کے بے جا استعمال کی طرف مبذول کرانا چاہتے ہیں۔ مودی دور میں یہ استعمال بڑھتا ہی جارہا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ آپ فوری مداخلت کریں۔ مکتوب میں لکھا گیا کہ قانون‘ قانون ہے۔ اسے بلاخوف و خطر لاگو کرنا چاہئے۔

اسے بلاجواز چنندہ افراد کے خلاف استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ مودی حکومت کی اس مہم کا مقصد بی جے پی سے نظریاتی اور سیاسی لڑائی لڑنے والی جماعتوں کو کمزور کرنا ہے۔ یہ مہم اس لئے بھی چلائی جارہی ہے کہ اشیائے ضروریہ کے بڑھتے دام‘ بڑھتی بے روزگاری‘ غیرمحفوظ ہوتی زندگی‘ آزادی‘ جائیداد جیسے روزمرہ کے فوری توجہ کے طالب مسائل سے توجہ ہٹائی جائے۔