خاندانوں کے تمام افراد مارے مارے پھر رہےہیں، روٹی نہیں مل رہی: بزرگ فلسطینی نے دل چیر دئیے (ویڈیو)
ایک فلسطینی بزرگ نے کہا ہے کہ غزہ میں پورے پورے خاندان ایک روٹی کی تلاش میں ہیں اور انہیں روٹی نہیں مل رہی۔ معمر فلسطینی نے غزہ کی پٹی میں بھوک کی کیفیت بیان کرکے دل چیر کر رکھ دئیے۔
غزہ: ایک فلسطینی بزرگ نے کہا ہے کہ غزہ میں پورے پورے خاندان ایک روٹی کی تلاش میں ہیں اور انہیں روٹی نہیں مل رہی۔ معمر فلسطینی نے غزہ کی پٹی میں بھوک کی کیفیت بیان کرکے دل چیر کر رکھ دئیے۔
بزرگ فلسطینی نے العربیہ کو یہ بھی بتایا کہ اللہ ان لوگوں کی مدد کرے جن کے چھوٹے بچے اس سردی میں کھلے آسمان تلے سو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم انتہائی مشکل سے گزر رہے ہیں۔ ہم اپنے گھر جانے کے لیے منٹ منٹ اور گھنٹہ گھنٹہ انتظار کرتے ہیں۔
فلسطین کے معمر شہری نے اپنی تکلیف کا اظہار یوں بھی کیا کہ ہم کھانا پینا نہیں چاہتے لیکن ہم اپنے گھروں کو لوٹنا چاہتے ہیں اور وہاں حفاظت اور سلامتی کے ساتھ بیٹھنا چاہتے ہیں۔
غزہ کی پٹی میں پہنچنے والی خوراک کا احوال بیان کرتے ہونے انہوں نے کہا امدادی خوراک کی جو مقدار 6 افراد پر مشتمل خاندان تک پہنچتی ہے وہ دو کین پھلیاں، ایک کین دودھ اور پانی کی دو بوتلوں پر مشتمل ہوتی ہے۔
اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ ایک کمیٹی نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ غزہ کے تمام 2.3 ملین افراد کو بھوک کے بحران کا سامنا ہے اور ہر روز قحط کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
انٹیگریٹڈ فوڈ سیکیورٹی کی عبوری درجہ بندی کمیٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ غزہ میں غذائی عدم تحفظ سے متاثر ہونے والے خاندانوں کا فیصد دنیا میں اب تک کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔