راہول گاندھی کے بعد ایک اور ایم پی رکنیت سے محروم ہونے تیار
جیل میں محروس گینگسٹر سے سیاستداں بنے مختار انصاری کو اغواء اور قتل کے کیس میں 10 سالہ قید کی سزا سنائی جب کہ اُن کے بھائی بہوجن سماج پارٹی کے ایم پی افضل انصاری کو بھی اِسی کیس میں قصور وار قرار دیتے ہوئے 4 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
نئی دہلی: اترپردیش کی ایک ایم پی‘ ایم ایل اے عدالت نے جیل میں محروس گینگسٹر سے سیاستداں بنے مختار انصاری کو اغواء اور قتل کے کیس میں 10 سالہ قید کی سزا سنائی جب کہ اُن کے بھائی بہوجن سماج پارٹی کے ایم پی افضل انصاری کو بھی اِسی کیس میں قصور وار قرار دیتے ہوئے 4 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
دونوں بھائی بی جے پی کے ایم ایل اے کرشنند رائے کی ہلاکت سے مربوط اغواء اور قتل کیس کے ملزمین ہیں۔
سزا کے ساتھ ہی افضل انصاری لوک سبھا کی رکنیت سے محروم ہوجائیں گے، کیونکہ پارلیمنٹ کے قواعد کے مطابق کوئی بھی رکن جسے 2 سال یا اِس سے زائد عرصہ کے لئے قید کی سزا دی گئی ہو، وہ از خود نااہل قرار پاتا ہے۔
کانگریس قائد راہول گاندھی حال ہی میں اس قاعدہ کے تحت اپنے ایم پی کے موقف سے محروم ہوگئے۔ اِس سے قبل 2019ء کے ایک ہتک عزت کیس میں اُنہیں قصور قرار دیتے ہوئے دو سال قید کی سزا دی گئی تھی۔
آج صبح بی جے پی ایم ایل اے کرشنند رائے جنہیں مبینہ طور پر مختار انصاری اور اُن کے بھائی افضل انصاری نے 2005ء میں غازی پور میں قتل کیا تھا، اُن کی اہلیہ نے بتایا کہ اترپردیش میں مافیا رول ختم ہوگیا ہے اور اُنہیں عدلیہ پر اعتماد ہے، انہوں نے بتایا کہ عدلیہ پر اعتماد کرتی ہیں، غنڈوں اور مافیاؤں کی حکمرانی ریاست میں ختم ہوگئی ہے، الکا رائے نے یہ بات بتائی۔