روپیہ کمزور نہیں، ڈالر طاقتور ہوا ہے: نرملا سیتا رمن
اپوزیشن جماعتوں نے آج وزیر فینانس نرملا سیتا رامن کے اس ریمارک پر تنقید کی کہ روپیہ کمزور نہیں ہوا ہے بلکہ ڈالر مضبوط ہوا ہے۔
نئی دہلی: اپوزیشن جماعتوں نے آج وزیر فینانس نرملا سیتا رامن کے اس ریمارک پر تنقید کی کہ روپیہ کمزور نہیں ہوا ہے بلکہ ڈالر مضبوط ہوا ہے۔
قائدین نے کہا کہ وہ معیشت سے نمٹنے میں اپنی حکومت کی ناکامی کو نہیں چھپا سکتیں۔ حکمراں بی جے پی نے وزیر فینانس کے بیان کا دفاع کیا اور کہا کہ بیشتر کرنسیوں کے مقابل ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔
پارٹی نے یہ بھی کہا کہ اگر روپیہ کی قدر میں تمام کرنسیوں کے مقابل کمی آتی ہے جیسا کہ 2013ء میں یوپی اے کے دورِ حکومت میں ہوا تھا، تو یہ کہا جاسکتا ہے کہ روپیہ کمزور ہوا ہے، لیکن فی الحال ایسا معاملہ نہیں ہے۔
کانگریس نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی نااہلی اور غلط پالیسیوں کی قیمت عوام کو چکانی پڑ رہی ہے۔ کانگریس قائد ترجمان سپریا شریناٹے نے کہا کہ صرف وزیر فینانس ہی اس نئے نظریہ کا مطلب سمجھا سکتی ہیں اور الزام عائد کیا کہ گزشتہ 11 ماہ کے دوران روپئے کو طاقتور بنانے حکومت کی کوششیں کامیاب نہیں ہوئی ہیں، کیوں کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو اس کی پالیسیوں پر بھروسہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب روپیہ ایک امریکی ڈالر کے مقابل 83 روپئے کے قریب پہنچ گیا ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ 100 سے تجاوز کرجانے کے بعد ہی وزیر اعظم نریندر مودی اس گراوٹ کو روکیں گے۔ کانگریس ترجمان گورو ولبھ نے بھی وزیر فینانس پر تنقید کی اور کہا کہ روپئے کی قدر میں گراوٹ سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔
آخر ہمیں کب تک آپ کی غلط پالیسیوں اور نااہلی کی قیمت چکانی پڑے گی۔ واضح رہے کہ نرملا سیتا رمن نے 2024ء کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی اساس میں توسیع کے لیے تین دن بارہ متی میں گزارے تھے جو این سی پی شرد پوار کا گڑھ ہے۔
فی الحال شرد پوار کی دختر سپریا سولے اس لوک سبھا نشست کی نمائندگی کرتی ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے رکن راجیہ سبھا راگھو چڈھا نے بھی وزیر فینانس پر طنز کیا۔ انہوں نے سیتا رمن کا ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ”میرا علم ِ معاشیات کمزور نہیں، آپ کا طاقتور ہے“۔
نرملا سیتا رمن نے امریکہ میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا تھا دراصل روپیہ کمزور نہیں ہوا بلکہ ڈالر طاقتور ہوا ہے۔ انہوں نے جاریہ سال ڈالر کے مقابلہ ہندوستانی کرنسی کی قدر میں 8 فیصد گراوٹ کا دفاع کیا تھا۔ انہوں نے زور دے کر کہا تھا کہ ہندوستانی معیشت کی بنیادیں مستحکم ہیں اور دنیا کے دیگر حصوں کے مقابلہ میں افراطِ زر کم ہے۔