سوشیل میڈیا

مودی کے دورہ سے قبل دواخانہ کو رنگ و روغن کردیا گیا

پینٹ کیا جارہا ہے‘ دیواروں پر نئی ٹائلس لگائی جارہی ہیں اور وزیراعظم کے دورہ سے قبل دواخانہ کو سجایا جارہا ہے۔ اس ”ایونٹ بازی“ کے لئے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ لوگ مرگئے لیکن برسراقتدار جماعت اس سانحہ کو ایونٹ بنارہی ہے۔

موربی: وزیراعظم مودی کے دورہ سے قبل منگل کے دن موربی کے سرکاری دواخانہ کو رنگ و روغن کیا گیا۔ 300 بستروں والے 3 منزلہ دواخانہ کے ایک حصہ کی ورکرس صاف صفائی کرتے اور پینٹ کرتے دکھائی دیئے۔ اتوار کے دن کیبل بریج حادثہ میں زخمی ہونے والے 6  افراد یہاں زیرعلاج ہیں جبکہ دیگر 4-5 زخمیوں کا ایک خانگی دواخانہ میں علاج چل رہا ہے۔

 موربی پل حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد 134 ہوگئی ہے۔ ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ تاحال 56  افراد کو ڈسچارج کیا جاچکا ہے۔داخلہ گیٹ کے حصوں کو زرد رنگ کیا گیا جبکہ دواخانہ کے اندر کے حصوں کو سفید پینٹ کیا گیا۔

کانگریس نے تصاویر ٹویٹ کیں جن میں ورکرس کو موربی دواخانہ کے اندر رِپیر ورک کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اُس نے اس حوالہ سے بی جے پی کو نشانہ تنقید بنایا۔ کانگریس نے ٹویٹر پر جو تصاویر پوسٹ کیں ان میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موربی دواخانہ کے اندر راتوں رات رپیر ورک ہورہا ہے۔

پینٹ کیا جارہا ہے‘ دیواروں پر نئی ٹائلس لگائی جارہی ہیں اور وزیراعظم کے دورہ سے قبل دواخانہ کو سجایا جارہا ہے۔ اس ”ایونٹ بازی“ کے لئے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ لوگ مرگئے لیکن برسراقتدار جماعت اس سانحہ کو ایونٹ بنارہی ہے۔

 کانگریس نے ٹویٹ کیا ”ٹریجڈی کا ایونٹ“۔ اپوزیشن جماعت نے دعویٰ کیا کہ یہ انتظامات اس لئے کئے گئے کہ دواخانہ میں مودی کی تصاویر اچھی آئیں۔ بی جے پی والوں کو شرم نہیں آتی‘ اتنے لوگ مرگئے اور ایونٹ کی تیاری ہورہی ہے۔

عام آدمی پارٹی نے بھی جو گجرات کی تمام 182  اسمبلی نشستوں پر الیکشن لڑرہی ہے‘ دواخانہ کو رنگ و روغن کئے جانے کا ویڈیو پوسٹ کیا۔ اس نے دعویٰ کیا کہ موربی سیول ہاسپٹل کو راتوں رات پینٹ کردیا گیا تاکہ وزیراعظم نریندر مودی کے فوٹوشوٹ کے دوران عمارت کی خستہ حالی بے نقاب نہ ہو۔