سدی پیٹ کے ٹی بی مریضوں میں نیوٹریشن کٹ کی فراہمی کا فیصلہ
ٹی بی کے مریضوں کی عاجلانہ صحت یابی کے مقصد کے تحت ریاستی وزیر صحت وبہبود خاندان ٹی ہریش راؤ نے اپنے حلقہ اسمبلی سدی پیٹ کے ٹی بی مریضوں میں نیوٹریشن کٹس تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حیدرآباد: ٹی بی کے مریضوں کی عاجلانہ صحت یابی کے مقصد کے تحت ریاستی وزیر صحت وبہبود خاندان ٹی ہریش راؤ نے اپنے حلقہ اسمبلی سدی پیٹ کے ٹی بی مریضوں میں نیوٹریشن کٹس تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کٹس کو وزیر ٹی ایچ آر (تھانیرو ہریش راؤ) کے نام پر رکھا گیا کیونکہ ہریش راؤ، اپنے ذاتی مصارف سے حلقہ کے ٹی بی مریضوں میں نیوٹریشن کٹس فراہم کررہے ہیں۔
حلقہ اسمبلی سدی پیٹ کے ہر ٹی بی کے مریض کو 6ماہ تک نیوٹریشن کٹ ملا کرے گی۔ حلقہ میں ٹی بی کے 265 مریضوں کی نشاندہی ہوچکی ہے۔
وزیر صحت ہریش راؤ نے محکمہ صحت وطبابت کے عہدیداروں کو ٹی بی مریضوں میں تقسیم کئے جانے والی کٹس کو قطعیت دیں۔ ہر ماہ کی ایک نیوٹریشن کٹ، 30انڈے، ایک کیلو دال، 3کیلو چاول، اور300گرام گائے کے گھی پر مشتمل رہے گی اور حلقہ کے تمام ٹی بی مریضوں میں ہر ماہ یہ کٹ(6 ماہ تک) مفت تقسیم کی جائے گی۔
چونکہ، بیشتر ٹی بی مریضوں کو جن کا تعلق غریب اور معاشی طور پر بدحال خاندانوں سے ہوتا ہے اور انہیں متوازن ومعیاری غذا کے استعمال کے بارے میں شعور نہیں ہے، اس لئے ٹی ہریش راؤ نے اپنے ذاتی خرچ سے ان مریضوں میں ہر ماہ، 6ماہ تک نیوٹریشن کٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ یہ مریض، جلد صحت یاب ہوسکے۔
وزیر صحت کو جب یہ معلوم ہوا کہ ٹی بی کے یہ غریب مریض، نیوٹریشن فوڈ خرید نے کی قدرت نہیں رکھتے ہیں تو ان حالات میں انہوں نے ان مریضوں کے لئے نیوٹریشن کٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا کہ اس مدد سے مریضوں میں ایک نیا حوصلہ پیدا ہوگا۔