حیدرآباد

سائبر کرائم میں اضافہ: مہیش بھاگوت

راچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ حدود میں سال2022 میں مجموعی طور پر جرائم کی شرح میں 12 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رواں سال 25,815 مقدمات درج ہوئے ہیں جبکہ گذشتہ سال2021 میں 21,685 کیس درج کئے گئے تھے۔

حیدرآباد: راچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ حدود میں سال2022 میں مجموعی طور پر جرائم کی شرح میں 12 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رواں سال 25,815 مقدمات درج ہوئے ہیں جبکہ گذشتہ سال2021 میں 21,685 کیس درج کئے گئے تھے۔

راچہ کنڈہ میں سائبر جرائم کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اس سال سائبر جرائم کے2049 کیسس درج کئے گئے ہیں جبکہ گذشتہ سال درج کیس کی تعداد1360 تھی۔

راچہ کنڈہ پولیس کمشنر مہیش مرلیدھر بھاگوت نے ہفتہ کے روز سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمشنریٹ حدود میں املاک جرائم میں 23 فیصد، این ڈی پی ایس میں 140 فیصد اور گیمنگ ایکٹ میں 17 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سال خواتین کے خلاف جرائم کے12 فیصد، عصمت ریزی کے 35، اغوا کے 1.35، قتل (ویمنس)63، ہراسانی کے 21، خودکشی کے84، جہیز اموات 5اور جہیز کیلئے قتل کے66 فیصد واقعات پیش آئے ہیں انہوں نے دعویٰ کیا کہ مختلف جرائم میں ملوث ملزمین کو سزا دلوانے میں راچہ کنڈہ پولیس کو ممتاز مقام حاصل ہوا ہے۔

پولیس کی کامیاب تفتیش اور پیروی کے سبب عدالت نے جملہ11مجرمین کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راچہ کنڈہ پولیس، اپنے حدود میں مختلف جرائم کی بیخ کنی کیلئے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے اراضی تنازعہ میں دہرے قتل اور چیتنیہ پوری ناگول میں ایک جویلری شاپ میں فائرنگ اور3کیلو سونے کے زیورات کے سرقہ کے معاملوں کو مستعدی کے ساتھ حل کرلیا۔

دہرے قتل کے ملزمین کو گرفتار کرلیا گیااور ان پر پی ڈی ایکٹ لاگو کردیا جبکہ جویلری شاپ سے 3کیلو سونے کے زیورات کے سرقہ اور فائرنگ میں ملوث ملزمین کو گرفتار کرلیا اور پولیس نے دیسی ساختہ پستول، کارتوس، کار اور خنجر کو ضبط کرلیا تھا۔

اسپیشل آپریشن ٹیم نے منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے کے کامیاب اقدامات کئے اور اس سلسلہ میں کئی ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ ملکاجگری زون میں رہزنی، ڈکیتی اور چین چھیننے کے واقعات کو حل کرلیا گیا اور کئی ملزمین کو سلاخوں کے پیچھے ڈالدیا گیا۔

ڈی سی پی کرشنا مورتی کی نگرانی میں ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے منادر سے سرقہ کے مختلف واقعات میں بین الریاستی ٹولی کو گرفتار کیا ہے۔ قحبہ گری، قمار بازی منشیات کی فروخت و اسمگلنگ اور دیگر جرائم کو روکنے کیلئے پولیس نے کامیاب مساعی انجام دی ہے اور پولیس نے کروڑہا روپے مالیتی مسروقہ مال، زیورات کو برآمد کرلیا۔

جرائم میں ملوث ملزمین کی گرفتاری میں سی سی ٹی وی کیمرے انتہائی ممدومعاون ثابت ہورہے ہیں۔ راچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ حدود میں جملہ1.5 لاکھ سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔ اسپورٹس اور باڈی بلڈر مقابلوں میں پولیس کی ٹیمیں شرکت کرچکی ہے۔

ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ پاسپورٹ انکوائری 3دنوں میں مکمل کی جارہی ہے۔ سالانہ کانفرنس میں ڈی سی پیز، یادگیری، سن پریت سنگھ، ایس او ٹی کے عہدیدار، اسپیشل برانچ کے اے سی پی نعیم الدین جاوید، اے سی پی بھونگیر وینکٹ ریڈی اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔