حیدرآباد

قانون اپنا کام کرے گا،ہاتھ میں چپل لے کر قسمیں نہیں کھائی جاتیں:کے ٹی آر

کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ قسمیں کھانے سے مسائل حل نہیں ہوتے اور چپل ہاتھ میں لے کر قسمیں نہیں کھائی جاتیں۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ بنڈی سنجے کی قسم کی وجہ سے یادادری مندر کا تقدس پامال ہوا ہے۔

حیدرآباد: معین آباد کے فارم ہاوز میں اراکین اسمبلی کے ساتھ رونماء واقعہ پر ٹی آ رایس کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقاتی ایجنسیز جانچ کررہی ہیں۔

 اس لئے وہ ایسا کوئی تبصرہ نہیں کریں گے جس سے تحقیقات پر اثر پڑسکتا ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ قانون اپنا کام کرے گا چونکہ یہ معاملہ عدالت میں زیر دوران ہے اس لئے اس پر بات کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بھی مناسب وقت پر اپناردعمل ظاہر کریں گے۔

 کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ قسمیں کھانے سے مسائل حل نہیں ہوتے اور چپل ہاتھ میں لے کر قسمیں نہیں کھائی جاتیں۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ بنڈی سنجے کی قسم کی وجہ سے یادادری مندر کا تقدس پامال ہوا ہے۔اب مندر کی صاف صفائی کرتے ہوئے اس کے تقدس کی بحالی کی ضرورت ہے۔

 کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ بی جے پی نے قوم وملک کے آٹھ سال ضائع کردئیے ہیں۔ ان آٹھ سالوں میں کچھ نہیں کیا گیا۔ سطحی سیاست کرتے ہوئے ملک وقوم کا وقار مجروح کیا گیا منگوڈ ضمنی انتخاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ وہاں غیر معمولی صورتحال دیکھی جارہی ہے۔

 خوف، ڈر سے دوچار بی جے پی قیادت کردار کشی پر اتر آئی ہے جبکہ انتخابی موضوع فلورسس، فلاحی اقدامات ہونا چاہئے تھا؟ انہوں نے کہا کہ بی جے پی، عوام کو یہ بتائے کہ فلورسس کے خاتمہ کیلئے کیا کیا گیا۔

 کیوں نیتی آیوگ کی سفارش کے باوجود مشن بھاگیرتا کیلئے19,000کروڑ روپے کیوں جاری نہیں کئے گئے۔کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ضلع نلگنڈہ کی ترقی کیلئے کبھی بھی ریاستی حکومت کے ساتھ تعاون نہیں کیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ مودی نے ایسی غلطی کی جس کی سابق میں نظیر نہیں ملتی۔ ہینڈلوم صنعت پر جی ایس ٹی لگایا گیا۔

 تلنگانہ میں ہینڈلوم پارک کے قیام کیلئے مدد دینے سے انکار کردیا گیا۔ کرشنا کے پانی کی تقسیم کے مسئلہ کو حل کرنے کے بجائے اسے طول دیا جارہا ہے۔ تلنگانہ کے کسی بھی پراجکٹ کو قومی درجہ دینے سے انکار کردیا گیا۔

آندھرا پردیش تنظیم جدید ایکٹ پرعمل کرنے سے انکار کے علاوہ تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی فہرست کافی طویل ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے تلنگانہ کے ساتھ جاری ناانصافیوں کے متعلق جواز پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔