شمالی بھارت

لالو یادو‘ سنگاپور سے واپس۔ سیاسی سرگرمیوں سے دور رہیں گے

لالو پرساد یادو سنگاپور سے واپس آچکے ہیں۔ وہ جاریہ ماہ کے اوائل میں گردہ کا علاج کرانے وہاں گئے تھے تاہم آر جے ڈی سربراہ کچھ عرصہ کے لئے اپنی آبائی ریاست بہار میں سیاسی سرگرمیوں سے دور رہیں گے۔

پٹنہ: لالو پرساد یادو سنگاپور سے واپس آچکے ہیں۔ وہ جاریہ ماہ کے اوائل میں گردہ کا علاج کرانے وہاں گئے تھے تاہم آر جے ڈی سربراہ کچھ عرصہ کے لئے اپنی آبائی ریاست بہار میں سیاسی سرگرمیوں سے دور رہیں گے۔

ان کی بڑی دختر میسا بھارتی نے یہ واضح کردیا کہ ان کے والد کی صحت ان کے خاندان کی اولین ترجیح اور دیگر معاملات انتظار کرسکتے ہیں۔ لالو پرساد جب بھی دہلی میں ہوتے ہیں وہ اپنی دختر کے مکان میں قیام کرتے ہیں۔

میسا نے فون پر پی ٹی آئی بھاشا کو بتایا کہ انہیں کئی ٹسٹ کرانے کا مشورہ دیا گیا ہے جن میں سے بیشتر ٹسٹ ہندوستان میں کرائے جاسکتے ہیں۔ ہم یہ ٹسٹ کروانے کی تیاری کررہے ہیں اور مزید علاج کے لئے سنگاپور میں ماہرین کو رپورٹیں بھیجی جائیں گی۔

ان سے یہ بھی دریافت کیا گیا کہ لالو پرساد اپنی آبائی ریاست کو کب واپس ہوں گے جہاں چند اسمبلی حلقوں میں ان کی پارٹی کو ضمنی انتخابات کا سامنا ہے جسے انہوں نے 25 سال پہلے قائم کیا تھا۔ بھارتی نے جو رکن راجیہ سبھا بھی ہیں‘ کہا کہ وہ مستقبل قریب میں پٹنہ نہیں جائیں گے۔انہیں یہیں رہنا ہوگا‘ آرام کرنا ہوگا اور ڈاکٹر کے مشوروں پر عمل کرنا ہوگا۔

لالوپرساد جن کی عمر 70 سال سے تجاوز کرچکی ہے اور وہ مختلف عوارض کا شکار ہیں‘ چارہ اسکام سے متعلق کئی معاملات میں جیل کی ہوا کھاچکے ہیں اور اپنی کمزور صحت کی وجہ سے انہیں رانچی اور دہلی کے ہاسپٹلس میں اپنی سزا کاٹنی پڑی ہے۔ اب وہ ضمانت پر رہا ہوچکے ہیں تاہم بیرون ِ ملک جانے انہیں عدالت سے اجاز ت حاصل کرنی پڑی تھی۔

انہوں نے اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں تقریباً 15 دن گزارے ہیں۔ اس دوران یہ قیاس آرائیاں ہوتی رہی ہیں کہ شاید وہ گردہ کی پیوندکاری بھی کروائیں۔ انہیں صرف 25 اکتوبر تک ملک سے باہر رہنے کی اجازت دی گئی تھی اور وہ مقررہ تاریخ سے ایک دن پہلے وطن واپس لوٹ آئے اور اپنی بیٹی کے خاندان کے ساتھ دیوالی منائی۔ بھارتی نے بتایا کہ وہ جلد ہی تازہ اجازت حاصل کریں گی۔