امریکہ و کینیڈا

بائیڈن نےحماس کی قید سے مزید اسرائیلی یرغمالیوں کےرہا ہونے کی امید ظاہر کی

بائیڈن نے کہا کہ آج صبح میں ایسے وقت میں اپنی ٹیم کے ساتھ مصروف رہا جواس معاہدے پر عمل درآمد کے مشکل دنوں کے پہلے دن کا آغاز تھا۔ صدر نے کہا ابھی تو یہ شروعات ہیں۔ مگر اب تک ہر چیز ٹھیک جارہی ہے۔

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے فلسطینی تحریک حماس کے ذریعہ آئندہ چند دنوں میں مزید اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کر نے کی امید ظاہر کی ہے۔ بائیڈن نے جمعہ کو ایک نیوز کانفرنس میں کہا،”جیسا کہ میں نے کہا، آج کی رہائی ایک عمل کا آغاز ہے،” ۔

متعلقہ خبریں
شادی کی پرائیوٹ تصویریں سوشل میڈیا پروائرل، شاہین شاہ آفریدی نے ظاہر کی ناراضگی
حماس کے صدر یحییٰ السنوار کے قریبی ساتھی روحی مشتہی کو تین ماہ قبل ہلاک کردیا گیا،اسرائیل کا ادعا
پارٹی رہنماؤں کی بڑھتی مخالفت: جو بائیڈن کی بطور دوبارہ صدارتی امیدوار نامزدگی ملتوی
رفح پر اسرائیلی حملہ، خون کی ہولی کا باعث بن سکتا ہے: ڈبلیو ایچ او
مودی نے بائیڈن کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی

ہمیں امید ہے کہ کل مزید یرغمالیوں کو رہا کر دیا جائے گا۔ اس کے اگلے دن مزید اور اس کے اگلے دن مزید یرغمالیوں کو رہا کر دیا جائے گا۔ ہمیں امید ہے کہ اگلے چند دنوں میں بہت سے یرغمالیوں کو رہا کر دیا جائے گا۔ ہم ان تمام لوگوں کو بھی یاد کرتے ہیں جو ابھی تک زیر حراست ہیں اور ان کی رہائی کے لیے کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازع کے حل کے لیے نئی کوششوں کی ضرورت ہے۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان جمعہ کے روز سے چار روزہ جنگ بندی کے آغاز کے ساتھ دونوں جانب سے یرغمالوں اور قیدیوں کی رہائی اور محصور علاقوں کے لئے امداد کی ترسیل کا سلسلہ شروع ہونے کا صدر جو بائیڈن نے خیر مقدم کیا ہے۔

ایک نیوز کانفرنس میں صدر نے کہا کہ آج صبح میں ایسے وقت میں اپنی ٹیم کے ساتھ مصروف رہا جواس معاہدے پر عمل درآمد کے مشکل دنوں کے پہلے دن کا آغاز تھا۔ صدر نے کہا ابھی تو یہ شروعات ہیں۔ مگر اب تک ہر چیز ٹھیک جارہی ہے۔

صدر کا کہنا تھا کہ آج جو نتیجہ ہمارے سامنے ہے وہ سخت محنت اورہفتوں کی ذاتی شرکت اور کوششوں کا نتیجہ ہے۔ جب حماس نے ان لوگوں کو اغوا کیا تھا اسوقت سے میں اپنی ٹیم کے ساتھ انکو رہا کرانے کے لئے دن رات کام کرتا رہا ہوں۔

صدر بائیڈن نے ان ملکوں اور رہنماۂ ں کا تفصیل سے ذکر کیا جنکے ساتھ وہ اپنی کوششوں کے دوران رابطے میں رہے۔انہوں نے کہا پچھلے کئی ہفتوں کے دوران، میں نے اس معاہدے کو ممکن بنانے میں مدد کے لیے قطر کے امیر، مصر کے صدر السیسی اور اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو سے بارہا بات کی ہے۔ اور میں ان تینوں رہنماؤں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ ان کی ذاتی شرکت سے یہ انجام پذیر ہوا۔

صدر بائیڈن نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ چند روز کے دوران مزید درجنوں یرغمال اپنے خاندانوں سے جا ملیں گے۔ صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ جنگ میں یہ توسیع شدہ وقفہ ، غزہ میں شہریوں کے لئے خوراک، ادویات، پانی اور ایندھن پہنچانے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے جسکی وہاں شدید ضرورت ہے۔ اور ہم اس حوالے سے ایک منٹ بھی ضائع نہیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امدادی سامان کے دو سو ٹرک غزہ جانے کے لئے مصری گزر گاہ پر پہنچے۔اور سینکڑوں مزید ٹرک آنیوالے دنوں میں غزہ میں داخل ہونے کے لئے تیار ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مستقبل کی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطٰی میں تشدد کا یہ سلسلہ ختم کرنا ہو گا۔ ہمیں مسئلے کے دو ریاستی حل پر کام کے اپنے عزم کی تجدید کرنی ہو گی۔