پولیس کے ساتھ جارحانہ برتاؤ، وجئے اماں نے کانسٹبل کو تھپڑ ماردیا
وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی (وائی ایس آر ٹی پی) قائد وائی ایس شرمیلا کو آج حیدرآباد پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ فرائض انجام دینے والے پولیس ملازمین پر حملہ کے الزام پر یہ گرفتاری عمل میں آئی۔
حیدرآباد: وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی (وائی ایس آر ٹی پی) قائد وائی ایس شرمیلا کو آج حیدرآباد پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ فرائض انجام دینے والے پولیس ملازمین پر حملہ کے الزام پر یہ گرفتاری عمل میں آئی۔
اس کے علاوہ شرمیلا کے دو ڈرائیورس کو بھی بک کرلیا گیا ہے۔ یہ کارروائی سب انسپکٹرس پولیس کی پیش کردہ شکایت پر کی گئی ہے۔
آندھراپردیش کے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی بہن کے خلاف ایک کیس درج کرلیاگیاہے۔ یہ کارروائی بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں کی گئی۔ وائی ایس شرمیلا کو آج دیر گئے مجسٹریٹ کے روبرو پیش جائے گا۔ سب انسپکٹر پولیس کی پیش کردہ شکایت پر پولیس نے شرمیلا اور ان کے دو ڈرائیوروں کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر پولیس جوئل ڈیوس نے کہا تھا کہ اس اطلاع پر کہ شرمیلا اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) سے ملاقات کے لیے دفتر جانے والی ہیں۔پولیس وائی ایس آر ٹی پی قائد کے گھر پرپہنچ گئی۔ایس آئی ٹی دفتر کو جانے کے لیے شرمیلا کو اجازت نہیں دی گئی تھی۔
اس موقع پر پولیس ملازمین کے ساتھ شرمیلا کی بحث و تکرار ہوئی اور انہوں نے پولیس ملازمین پر حملہ کردیا۔ شرمیلا کے ایک ڈرائیور کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے جس نے پولیس کے کہنے کے باوجود موٹر کار نہیں روکی اور انہیں ٹکر دیدیا جس کی وجہ کانسٹبل گری بابو زخمی ہوگئے۔ بتایا جاتاہے کہ شرمیلا نے دو سب انسپکٹرس کے علاوہ ایک ویمن کانسٹبل کے ساتھ دھکم پیل کیا۔
بتایا جاتاہے کہ شرمیلا کے حملہ کی وجہ سب انسپکٹروں میں سے ایک زخمی ہوگیا جو کہ دواخانہ میں زیر علاج ہے۔ وائی ایس آر ٹی پی قائد کو جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن لے جایاگیا۔ بعد میں شرمیلا کی والدہ وائی ایس وجئے اماں بیٹی سے ملاقات کے لیے پولیس اسٹیشن گئیں جہاں پولیس نے انہیں روک دیا اور پولیس کے ساتھ بحث و تکرار ہوئی۔
ایک ویڈیو میں دکھایا گیاہے کہ وجئے اماں نے خاتون پولیس کانسٹبل کو طمانچہ رسید کردیا۔ پولیس نے جبری طور پر وجئے اماں کو گھر واپس ہونے کے لیے مجبور کردیا۔
وجئے اماں نے الزام عائد کیا کہ پولیس زیادتی کررہی ہے۔ وہ یہ جاننا چاہتی ہیں کہ آیا شرمیلا کو کب تک نظر بند رکھاجائے گا۔ شرمیلا کے شوہر انیل کمار بعد میں جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن گئے اور ملاقات کی۔