حیدرآباد

ہم حیدرآبادیوں کی طرف سے ’’گفٹ اے شیڈ’’ پہل

ماریہ عارف الدین ڈائریکٹر مدینہ اور گلوبل گروپ آف انسٹی ٹیوشنز نے بتایا کہ 2000 چھتریاں تقسیم کرنے کا ہدف ہے اور اب تک 675 چھتریاں تقسیم کی جا چکی ہیں۔

حیدرآباد: حیدرآباد کے عوام خواہ وہ کسی بھی شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھتے ہوں، ضرورت مندوں کی مددوتعاون کرنے میں ہمیشہ آگے رہتے ہیں۔ آئے دن ایسی مثالیں سامنے آتی رہتی ہیں۔

موسم گرما عروج پر پہنچ چکا ہے اور لوگوں کا گرمی کے مارے برا حال ہے۔ شدید دھوپ کے باعث لوگوں کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ بالخصوص سڑک کنارے اپنا چھوٹا موٹا کاروبار چلانے والے تاجروں کو چاہے وہ خواتین ہوں یا مرد، دن بھر دھوپ میں بیٹھ کر اپنا کام کرنا پڑتا ہے اور اس سلسلہ میں انہیں تیز دھوپ اور گرمی بھی برداشت کرنی پڑتی ہے۔

ایسے میں شہر کے مسلم این جی اوز نے حیدرآباد کے مختلف اسکولوں کے ساتھ مل کر ایک پہل کی ہے جسے ’’گفٹ اے شیڈ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس پہل کے تحت سڑک کنارے دھوپ میں اپنا کاروبار کررہے چھوٹے تاجروں کو سایہ فراہم کرنے کے لئے بڑی بڑی چھتریوں کا تحفہ دیا جارہا ہے۔

حیدرآباد کے مختلف اسکولوں اور اداروں جیسے ایس ڈی آئی ایف، مدینہ ہائی اسکول، ملت ماڈل اسکول، ایکسیس فاؤنڈیشن، اسپرنگ فیلڈ اسکول، ہیومیانٹی ہاسپٹل اور دیگر بہت سے افراد نے اس پہل میں حصہ لیتے ہوئے سڑک کنارے اور گلی کوچوں میں ٹھیلہ بنڈی لگاکر کاروبار کرنے والا تاجروں میں بڑی چھتریاں تقسیم کیں۔

ان اسکولوں کے طلباء نے شدید دھوپ اور گرمی میں اس پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے مونڈا مارکیٹ کے ضرورت مند تاجروں میں بڑی چھتریاں بطور تحفہ تقسیم کیں۔

ماریہ عارف الدین ڈائریکٹر مدینہ اور گلوبل گروپ آف انسٹی ٹیوشنز نے بتایا کہ 2000 چھتریاں تقسیم کرنے کا ہدف ہے اور اب تک 675 چھتریاں تقسیم کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایسے مزید پروگرامس منعقد کرتے ہوئے چھتریاں تقسیم کی جائیں گی۔