کھیل

آئی سی سی‘ ہندوستان کو سیمی فائنل کھلانا چاہتی ہے: آفریدی

پاکستان کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر ٹیم انڈیا کی حمایت کا الزام لگایا ہے۔

لاہور: پاکستان کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر ٹیم انڈیا کی حمایت کا الزام لگایا ہے۔

آفریدی نے کہاکہ آئی سی سی ہندوستانی ٹیم کو سیمی فائنل تک لے جانے کی کوشش کررہی ہے۔ آفریدی کا یہ بیان ہندوستان بمقابلہ بنگلہ دیش میچ کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس میچ میں ٹیم انڈیا نے بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئس اصول کے تحت پانچ رنز سے شکست دی تھی۔

ہند۔ بنگلہ دیش میچ کا حوالہ دیتے ہوئے آفریدی نے آئی سی سی کے رویے پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہاکہ آپ نے دیکھا کہ ایڈیلیڈ کا گراؤنڈ کتنا گیلا تھا۔ اس کے باوجود میچ دوبارہ شروع ہوا۔ ایسا لگ رہا تھاکہ آئی سی سی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی حمایت کررہی ہے۔ کونسل چاہتی ہے کہ ہندوستانی ٹیم کسی بھی طرح سیمی فائنل میں پہنچ جائے۔

آفریدی نے کہاکہ مجھے لگتاہے کہ آئی سی سی کی طرف سے ٹیم انڈیا کی طرف زیادہ جھکاؤ ہے۔ امپائر بھی وہی تھا جس نے ہند۔پاک میچ میں امپائرنگ کی تھی۔ ان امپائرز کو بہترین امپائر کا ایوارڈ دیا جائے گا۔ دراصل پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر ہونے کی دہلیز پر کھڑا ہے۔

اگر ہندوستان اپنے آخری گروپ میچ میں زمبابوے اور جنوبی افریقہ ہالینڈ کو ہرا دیتا ہے تو پاکستان اور بنگلہ دیش ورلڈکپ سے براہ راست باہر ہو جائیں گے۔ ان دونوں میں سے کسی ایک کو شکست دینے پر ہی پاکستان کی امید جاگ اٹھے گی۔

ایسے میں شاہد آفریدی اس سے ناراض ہیں اور اپنی ٹیم کی کارکردگی کی مذمت کرنے کے بجائے کسی اور کو نشانہ بنارہے ہیں۔ شاہد آفریدی کی قیادت میں پاکستان کی ٹیم کسی بھی ورلڈکپ میں ٹیم انڈیا کو ہرا نہیں سکی۔

ماضی میں بھی آفریدی ہندوستان کے بارے میں ایسے بیانات دیتے رہے ہیں۔ ہندوستان اور زمبابوے کے درمیان آخری میچ 6 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ گروپ ون اور گروپ ٹو کی دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گی۔