تلنگانہ

غریب عوام کو باوقار زندگی گذار نے کا مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح: ہریش راؤ

سدی پیٹ کے سی ایس آئی چرچ میں منعقدہ کرسمس تقاریب میں شرکت کے بعد خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ریاست میں تمام مذاہب کے عید و تہواروں کو سرکاری سطح پر منایا جارہا ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ غریب عوام کو باعزت اور پروقار زندگی گذار نے کے مواقع فراہم کرنا بھارت راشٹرا سمیتی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

 آج سدی پیٹ کے سی ایس آئی چرچ میں منعقدہ کرسمس تقاریب میں شرکت کے بعد خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ریاست میں تمام مذاہب کے عید و تہواروں کو سرکاری سطح پر منایا جارہا ہے۔

 کرسمس کو بھی سرکاری سطح پر مناتے ہوئے دو دن کی تعطیل کا اعلان کیا گیا اور ایساء ملک کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سی ایس آئی چرچ کی تعمیر کے150 سال مکمل ہوچکے ہیں۔

 ہم اس خصوصی موقع پر عیسائی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا تیقن دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ کو ہر شعبہ میں ترقی دی جارہی ہے اور شہر کی ترقی سے تمام طبقات کی زندگیوں میں خوشگوار تبدیلی رونما ہوگی۔