آندھراپردیش

آندھرا پردیش میں ٹیچرس ڈے تقاریب کو ایجوکیشن فیسٹ کے طور پر منانے کا اعلان

آندھرا پردیش میں رواں سال60ویں ٹیچرس ڈے کی ہفتہ طویل تقاریب کو محکمہ تعلیمات، ایجوکیشن فیسٹ(تہوار یا جشن) 2022 کے طور پر منانے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔

امراوتی: آندھرا پردیش میں رواں سال60ویں ٹیچرس ڈے کی ہفتہ طویل تقاریب کو محکمہ تعلیمات، ایجوکیشن فیسٹ(تہوار یا جشن) 2022 کے طور پر منانے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔

اس فیسٹ کا 29/ اگست سے 5 ستمبر تک ریاست بھر میں اہتمام کیا جائے گا۔ یہ جشن 29/ اگست سے نیشنل اسپورٹس ڈے تقاریب کے ساتھ آغاز ہوگا اور کئی مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ جاریہ سال،60 واں ٹیچرس ڈے رہے گا جس کا آغاز5 ستمبر کو1962 سے ہوا تھا۔

سابق صدر جمہوریہ و اسکالر ڈاکٹر سروے پلی رادھا کرشنن کی یوم پیدائش کے موقع پر ہر سال5 ستمبر کو یوم اساتذہ منایا جاتا ہے۔ کمشنر اسکول ایجوکیشن ایس سریش کمار نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس سال یوم اساتذہ منفرد اور بڑے پیمانے پر منعقد کیا جائے اس لئے ہم، یوم اساتذہ کی ہفتہ طویل تقاریب کو بطور ایجوکیشن فیسٹ کے طور پر منانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

کووڈ وبا ولاک ڈاؤن کی وجہ سے سال2020 اور2021 میں ریاست میں یوم اساتذہ تقاریب نہیں منائی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیمات کے عہدیدار، اساتذہ اولیائے طلبا کی کمیٹیوں، غیر سرکاری تنظیموں، دانشور، قدیم طلبہ کی انجمنوں اور موظف اساتذہ کو ان تقاریب کے انعقاد میں شامل کیا جائے گا۔

2ستمبر کو تمام اسکولوں میں اساتذہ اور طلبہ کا ہیلت چیک اپ کیمپ منعقد ہوں گے۔3 ستمبر کو یوم اساتذہ کے موضوع پر طلبہ اور اساتذہ کیلئے مختلف مقابلے رکھے جائیں گے۔ 4ستمبر کو اساتذہ کیلئے کھیل کود کے مقابلے ہوں گے۔ یوم اساتذہ کے روز(5ستمبر) بسٹ ٹیچرس ایوارڈ دئیے جائیں گے اور موظف اساتذہ کو تہنیت پیش کی جائے گی۔ اس موقع پر طلبہ اساتذہ کو اعزاز پیش کریں گے۔