آندھراپردیش

آندھرا میں وینائل بیانرس کے استعمال پر امتناع

چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے یہ بات کہی۔ چیف منسٹر جگن نے امریکہ کی پارلیز فار اوشین کے اشتراک کے ساتھ یہاں بڑے پیمانے پر ساحل کی صفائی پروگرام کا آغا ز کیا۔

وشاکھا پٹنم: حکومت آندھرا پردیش نے پلاسٹک کے خلاف مہم کے حصہ کے طور پر جمعہ کے روز ریاست بھر میں وینائل(پلاسٹک) بیانرس کے استعمال پر امتناع عائد کردیا۔ اس کے بجائے کپڑوں کے بیانرس استعمال کئے جاسکتے ہیں جن سے ماحول کے تحفظ میں مدد ملے گی۔

چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے یہ بات کہی۔ چیف منسٹر جگن نے امریکہ کی پارلیز فار اوشین کے اشتراک کے ساتھ یہاں بڑے پیمانے پر ساحل کی صفائی پروگرام کا آغا ز کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سال2027تک آندھرا پردیش کو پلاسٹک سے پاک ریاست بنایا جائے۔

وینائل بیانرس کے استعمال پر امتناع اس سمت میں پہلا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کے تحفظ کے خاطر ونیائل کے بجائے کپڑے کے بیانرس استعمال کئے جانا چاہئے۔ اگرچیکہ یہ مہنگے ضرور ہیں مگر کپڑوں کے بیانرس کے استعمال سے ماحول کو بچانے میں مدد ملے گی۔

جگن نے کہا کہ ٹمپل ٹاؤن تروپتی میں پلاسٹک کے استعمال پر امتناع کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔ اور عوام اب پلاسٹک کے بجائے کپڑوں کی تھیلیاں استعمال کررہے ہیں۔ ریاستی حکومت نے ماحول کے تحفظ کے عملی پروگرام کے آغاز کیلئے پارلیز فار اوشین اور گلوبل الائنس کے ساتھ یاد داشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔

اسی ادارہ کے تعاون و اشتراک سے وشاکھا پٹنم سے بھیملی 23کیلو میٹر طویل ساحل کی صفائی کی گئی اور 72 ٹن پلاسٹک سے اس ساحل کو صاف کیا گیا۔