امیت شاہ کو فون کرنے سے متعلق دعوے بے بنیاد: ممتابنرجی
چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج قائد اپوزیشن سویندو ادھیکاری کے ان دعوؤں کو مسترد کردیاکہ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کوفون کیا تھا
کولکتہ: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج قائد اپوزیشن سویندو ادھیکاری کے ان دعوؤں کو مسترد کردیاکہ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کوفون کیا تھا اور درخواست کی تھی کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ترنمول کانگریس کو قومی جماعت کے موقف سے محروم کئے جانے کے بارے میں کچھ کریں۔
ممتابنرجی نے ادھیکاری کا نام لئے بغیر یہ بات کہی۔ انہوں نے کہاکہ میں نے سنا ہے کہ ایک شخص نے جلسہ عام میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ میں نے ان کے سپریم لیڈر امیت شاہ کو فون کیاتھا کیونکہ الیکشن کمیشن نے ترنمول کانگریس کو قومی موقف سے محروم کردیا ہے۔
ممتا نے کہا کہ اگر وہ اس بات کو ثابت کردیں تو میں چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفیٰ دے دوں گی‘ لیکن اگر وہ لوگ الزامات ثابت نہ کرسکیں تو انہیں زمین پر ناک رگڑنی ہوگی۔
انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ سوال بھی اٹھایا کہ آیا یہ غلط بیان جان بوجھ کر عام کیا جارہا ہے کیونکہ انہوں نے امیت شاہ سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ یو این آئی کے بموجب ممتا بنرجی نے ادھیکاری کا نام لئے بغیر کہا کہ ایک لیڈر بغیر کسی دلیل اور ثبوت کے کوئی دعویٰ کردیتا ہے اور دن بھر میڈیا اس کو نیوز بناکر چلاتا ہے۔
یہ تک جاننے کی کوشش نہیں کرتی ہے کہ یہ دعویٰ صحیح ہے یا نہیں۔کم سے کم جس سے متعلق دعویٰ کیا گیا ہے اس سے ہی پوچھ لے۔انہوں نے میڈیا کے اس رویے پر ناراضگی ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر اخلاقی عمل ہے۔خیال رہے کہ سنگور میں ا یک جلسے میں خطاب کرتے ہوئے سوویندو ادھیکاری نے کہا کہ ترنمول کانگریس سے قومی ٹیم کا درجہ چھیننے کے بعد ممتا بنرجی نے چار مرتبہ امیت شاہ کو فون کیا تھا۔
ممتا بنرجی نے پریس کانفرنس میں میڈیا کے اس رویے کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ میں حیران ہوں، کچھ لوگ کچھ کہہ رہے ہیں، میڈیا اسے دہرا رہا ہے۔ جھوٹ پھیلا رہے ہیں، بدتمیزی کر رہے ہیں۔ میں نے بی جے پی کی میٹنگ میں ایک شخص کو مجھ سے متعلق جھوٹ بولتے ہوئے سنا، مگر کسی نے بھی مجھ سے پوچھا کہ مجھ سے متعلق جو دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ سچ ہے کہ یا نہیں۔
اس کے بعد امیت شاہ پر تنقید کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ انہوں نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔اس لئے میں ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔اور میں یہ بھی کہہ رہی ہوں کہ اگر میں نے واقعی امیت شاہ کو فون کیا ہے تو مجھے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔“