شمال مشرق

اگزٹ پولس:تریپورہ‘ ناگالینڈ میں بی جے پی کواقتدار

اگزٹ پولس کے مطابق حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی شمال مشرق میں اپنی نشستوں میں کافی اضافہ کرے گی۔ تریپورہ اورناگا لینڈ میں کامیابی درج کرائے گی اورمیگھالیہ میں زیادہ نشستوں پر قبضہ کرے گی۔

گوہاٹی: اگزٹ پولس کے مطابق حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی شمال مشرق میں اپنی نشستوں میں کافی اضافہ کرے گی۔ تریپورہ اورناگا لینڈ میں کامیابی درج کرائے گی اورمیگھالیہ میں زیادہ نشستوں پر قبضہ کرے گی۔

بیشتر اگزٹ پولس میں دکھایاگیاہے کہ ناگالینڈمیں حلیف جماعت این ڈی پی پی(نیشنلسٹ ڈیموکریٹک پروگریسیو پارٹی) کے ساتھ بی جے پی اتحادی حکومت بنائے گی اور میگھالیہ میں کم از کم7نشستیں جیتے گی۔ قبل ازیں اس کے پاس صرف دو نشستیں تھیں۔

تریپورہ میں 2018کے مقابلہ میں اس کی کارکردگی ناقص رہے گی کیونکہ2018میں اس نے اکیلے ہی اکثریتی نشان عبور کرلیاتھا۔ اگزٹ پولس میں یہ بھی اشارہ دیاگیاہے کہ شمال مشرق میں کانگریس کو بڑا دھکہ لگ سکتاہے۔ وہ ناگالینڈ میں صرف ایک نشست جیتے گی اورمیگھالیہ میں صرف6نشستیں حاصل کرے گی جہاں وہ قبل ازیں واحد بڑی جماعت تھی۔اگزٹ پولس اکثرغلط بھی ثابت ہوتے ہیں۔

تینوں ریاستوں کیلئے ووٹوں کی گنتی جمعرات کے روز ہوگی۔ 4 اگزٹ پولس میں اشارہ دیاگیاہے کہ بی جے پی کو60رکنی تریپورہ اسمبلی میں 32نشستیں مل سکتی ہیں جو31کے اکثریتی نشان سے بمشکل ایک زیادہ ہے۔ بایاں محاذ جس نے زائد از30 سال تک ریاست پر حکومت کی ہے، اسے صرف15 نشستیں ملنے کا امکان ہے جبکہ اس کی حلیف کانگریس کوکوئی نشست نہ ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔

سابق شاہی خاندان کے رکن پردیوت کشور دیبرما کی جانب سے عظیم تر ٹپرالینڈ کے مطالبہ پر تشکیل دی گئی نئی جماعت ٹپراموتھا کو12نشستیں ملنے کاامکان ہے۔ الیکشن کمیشن2مارچ کونتائج کااعلان کرے گا۔ انڈیا ٹوڈے۔ ایگزسس مائی انڈیا کے مطابق ناگالینڈمیں بی جے پی۔ این ڈی پی پی اتحادکو38 تا48نشستیں حاصل ہوں گی۔

جبکہ کانگریس کوایک یا دونشستیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ ٹائمس ناو۔ ای ٹی جی ریسرچ کے مطابق ریاست میں حکمراں اتحاد کو29تا 49نشستیں حاصل ہوں گی۔ جبکہ ناگاپیپلز فرنٹ (این پی ایف) کو 4 تا 8 اور کانگریس کو صفر نشستیں حاصل ہوں گی۔