حیدرآباد

ایم چنا ریڈی کے فرزند ششی دھر ریڈی کانگریس سے مستعفی‘ بی جے پی میں شمولیت کا امکان

سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی نے آج کانگریس سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے اُن کی ملاقات کے بعد پارٹی نے 6 سال کے لئے خارج کردیا

حیدر آباد: سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی نے آج کانگریس سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے اُن کی ملاقات کے بعد پارٹی نے 6 سال کے لئے خارج کردیا، سینئر قائد نے پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے ریاستی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

4 دن قبل کانگریس نے اُنہیں پارٹی سے خارج کردیا، اُن پر مخالف پارٹی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے، اُن کے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ آنجہانی چیف منسٹر ایم چنا ریڈی کے فرزند ششی دھر ریڈی نے اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انتہائی دکھ کے ساتھ وہ پارٹی سے مستعفی ہورہے ہیں۔

اِس سلسلہ میں انہوں نے پارٹی قائد سونیا گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اپنے فیصلہ کی وجوہات سے واقف کروایا۔ ششی دھر ریڈی جو کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی (این ڈی ایم اے) کے نائب صدر بھی رہ چکے ہیں، الزام عائد کیا کہ ریاست میں برسر اقتدار تلنگانہ راشٹریہ سمیتی (ٹی آر ایس) کے ساتھ کانگریس نے میاچ فکسنگ کی ہے اور تلنگانہ میں پارٹی کی مقبولیت میں کمی ہوتی جارہی ہے، عوام کو اِس بات کا اعتماد نہیں ہے کہ کوئی قائد جو کہ پارٹی ٹکٹ پر منتخب ہونے کے بعد اِس میں برقرار رہے گا۔

انہوں نے الزام عائد کی کہ کانگریس اپوزیشن پارٹی کا رول ادا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو چاہیے تھا کہ وہ عوامی مسائل کی یکسوئی کی جانب سے توجہ مبذول کرتی لیکن وہ ایسا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ سابق وزیر نے کہا کہ کانگریس کو اُس وقت سے انتخابات میں شکست ہورہی ہے جب سے اتم کمار ریڈی پارٹی کے ریاستی یونٹ کے صدر تھے۔

انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ جن کے پاس روپیہ، پیسہ کی طاقت ہے ایسے افراد پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔ کانگریس نے مخالف پارٹی سرگرمیوں پر 18/ نومبر کو ششی دھر ریڈی کو خارج کردیا۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی)کابینی کارروائی کمیٹی صدرنشین جی چنا ریڈی نے اخراج کا حکم جاری کیا او ریہ توثیق کے لئے کل ہند کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کو روانہ کردیا گیا۔

بتایا جاتا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ سے نئی دہلی میں ششی دھر ریڈی کی ملاقات کے بعد کانگریس نے یہ کارروائی کی۔ امیت شاہ سے ملاقات کے موقع پر ششی دھر ریڈی کے ساتھ بی جے پی ریاستی یونٹ کے صدر بنڈی سنجے اور پارٹی نائب صدر ڈی اے ارونا بھی موجود تھے۔ ششی دھر ریڈی کے استعفیٰ سے تلنگانہ میں کانگریس کو ایک نیا دھچکا لگا ہے۔