بھارت

وزیر اعظم نے طیارہ بردار بحری جہاز وکرانت کو قوم کے نام کیا وقف

اس طیارہ بردار جہاز کی تعمیر کے ساتھ ہی ہندوستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو طیارہ بردار بحری جہاز بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

کوچی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو پہلے مقامی طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس ‘وکرانت’ کوملک کے نام وقف کیا جس کے ساتھ ہی یہ باقاعدہ طورپر بحریہ کے بیڑے میں شامل ہوگیا۔

آج کا دن بحریہ کے لیے ایک تاریخی دن ہے کیونکہ 25 سال بعد وکرانت ایک بار پھر ایک نئے روپ میں اور نئی طاقت کے ساتھ بحریہ کا فخر بن گیا ہے۔ وکرانت کا مطلب ہے فاتح، بہادر اور ممتاز۔

وکرانت ہندوستان میں بنایا گیا اب تک کا سب سے بڑا جنگی جہاز ہے اور اسے بنانے میں 20 ہزار کروڑ سے زیادہ کی لاگت آئی ہے۔ یہ ہندوستانی بحریہ کے لیے پہلا مقامی طور پر ڈیزائن اور بنایا ہوا طیارہ بردار بحری جہاز بھی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بحریہ کے پاس دو طیارہ بردار بحری جہاز ہوگئے ہیں اور اس کی فائر پاور کئی گنا بڑھ گئی ہے۔

 اس طیارہ بردار جہاز کی تعمیر کے ساتھ ہی ہندوستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو طیارہ بردار بحری جہاز بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جہازمیں استعمال ہونے والا 76 فیصد سازوسامان گھریلو کمپنیوں کے ذریعہ بنایا گیا ہے۔ بحر ہند میں ہندوستان اورزیادہ مضبوطی یکے ساتھ اپنی موجودگی درج کرائے گا۔

اس موقع پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان، وزیر اعلیٰ پی وجین، بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے وزیر سربانند سونووال، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال، تینوں افواج کے اعلیٰ حکام اور کئی معززین بھی اس موقع پر موجود تھے۔