بمراہ‘ اشون اور ہرشل پٹیل کی واپسی
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2022 کیلئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیاہے۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی سلکشن کمیٹی کا اجلاس پیر کی سہ پہر ہوا جس میں 15 رکنی ٹیم کا انتخاب کیاگیا۔
ممبئی: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2022 کیلئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیاہے۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی سلکشن کمیٹی کا اجلاس پیر کی سہ پہر ہوا جس میں 15 رکنی ٹیم کا انتخاب کیاگیا۔
آسٹریلیا میں ہونے والے کثیر ملکی ٹورنامنٹ میں ٹیم انڈیا کی کپتانی روہت شرما کریں گے جبکہ کے ایل راہول نائب کپتان کریں گے۔ فاسٹ بولر محمد سمیع کو اہم ٹیم میں جگہ نہیں ملی۔ سمیع نے گزشتہ سال کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ میں ایک بھی میچ نہیں کھیلا ہے۔
انہیں اور دیپک چاہر کو ریزرو کھلاڑی کے طورپر ٹیم میں منتخب کیاگیاہے۔ اس کے علاوہ شریاس ایر اور روی بشنوئی کو بھی ریزرو کھلاڑی کے طورپر ٹیم میں شامل کیاگیاہے۔ زخمی رویندر جڈیجہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں لیکن اچھی بات یہ ہے کہ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی واپسی ہوئی ہے۔ روی بشنوئی اور اویش خان ایشیا کپ 2022 کے اسکواڈ سے باہر ہیں۔
باقی 13 کھلاڑی وہی ہیں جبکہ جسپریت بمراہ اور ہرشل پٹیل کی واپسی ہوئی ہے۔ ایشیا کپ میں ہندوستانی ٹیم نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم فائنل تک نہیں پہنچ سکی۔ نوجوان تیز گیند باز ارشدیپ سنگھ کو بھی اہم ٹیم میں رکھا گیاہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 آسٹریلیا میں 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک منعقد ہوناہے۔ ٹیم انڈیا کا پہلا میچ اتوار 23 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف ہے۔
دونوں ٹیمیں گروپ 2 کا حصہ ہیں۔ پاکستان کے بعد ہندوستانی ٹیم کو جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے علاوہ دو دیگر ٹیموں سے مقابلہ کرناہے جن کا اعلان گروپ مرحلے کے میچوں کے بعد کیا جائے گا۔ اہم میچوں سے قبل ہندوستانی ٹیم دو وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی اسکواڈ اس طرح ہے۔ روہت شرما (کپتان)، کے ایل راہول (نائب کپتان)، کوہلی، سوریہ کمار یادو، دیپک ہوڈا، پنت، دنیش کارتک، پانڈیا، آر اشون، چہل، اکشر پٹیل، بمراہ، بھونیشور، ہرشل پٹیل، ارشدیپ سنگھ۔ ریزرو کھلاڑیوں میں محمد سمیع‘ شریاس ایئر، بشنوئی اور چاہر شامل ہیں۔